پاکستان کی ترقی اور خوشحالی بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی سے جڑی ہوئی ہے،اسپیکر قومی اسمبلی


اسلام آباد(صباح نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے  اسپیکر بلوچستان اسمبلی جان محمد جمالی نے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت ملک کی مجموعی سیاسی و اقتصادی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی سے جڑی ہوئی ہے، ملک کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے وفاق اور تمام صوبوں کے مابین قریبی رابطے ضروری ہیں۔

اسپیکر بلوچستان اسمبلی جان محمد جمالی نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی، ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی و اقتصادی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسپیکرراجہ پرویز اشریف نے بلوچستان اسمبلی کے اراکین اور عملے کی استعداد کار میں اضافے کے لیے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے جانب  سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشریف نے کہا کہ  بلوچستان ملک کا اہم صوبہ ہے ، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی سے جڑی ہوئی ہے،بلوچستان کی ترقی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس موقع پر جان محمد جمالی نے اسپیکر راجہ پرویز اشرف کو اسپیکرقومی اسمبلی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

اسپیکر بلوچستان اسمبلی جان محمد جمالی نے قومی اسمبلی اور بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کے اراکین کے مابین ہم آہنگی میں اضافے کے لیے رابطوں کی ضرورت پر زور دیا، اسپیکر جان محمد جمالی کا کہنا تھاکہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لیے قومی یکجہتی اور اتحاد ناگزیر ہے۔