میاں اسلم اور نصراللہ رندھاوا کی قیادت میں وفد کی ڈی جی ہاؤسنگ فاؤنڈیشن طارق رشید سے ملاقات


اسلام آباد  (صباح نیوز)  نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم اور امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رندھاوا کی قیادت میں سیکٹر جی تیرہ   اسلام آباد کے رہائشی افراد کے وفد نے ڈی جی ہاؤسنگ فاؤنڈیشن طارق رشیدسے ملاقات کی اور انھیں اہل علاقہ کو در پیش مسائل سے آگاہ کیا ، وفد میں سماجی رہنما جاوید قریشی، اورنگزیب علی خان، سید عتیق الرحمن اور عزیز اللہ بھی مو جو د تھے ۔

ڈی جی ہاؤسنگ فاؤنڈیشن سے ملاقات میں میاں محمد اسلم اور نصر ا للہ رندھاوا نے سیکٹر جی تیرہ  میں اہل علاقہ کو در پیش پانی کی شد ید قلت، سیکیورٹی اور بڑھتی ہو ئی تجاوزات کے بارے میںآگاہ کیا ، انھوں نے کہا شدید گر می میں پانی کی قلت سے علاقہ کر بلا کا منظر پیش کر رہا ہے ،

انھوں نے کہا پانی کی سپلائی اور ٹینکرز کی تعداد میں بھی اضا فہ کیا جا ئے تا کہ شہریوں کو پانی کے حصول میں آسانی ہو، اسی طر ح علاقے کی سیکیورٹی کو بھی یقینی بنایا جا ئے تا کہ شہریوں کو جانی اور مالی طور پر تحفظ دیا جا سکے ، وفد نے  سیکٹر جی تیرہ  میں بڑھتی ہو ئی تجاوزات پر بھی اہل علاقہ کے تحفظات سے ڈی جی ہاؤسنگ کو آگاہ کیا اور مطالبہ کیا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے فوری طور پر اقدامات کیے جا ئیں ۔

ڈی جی ہاؤسنگ فاؤنڈیشن طارق رشیدنے وفد کو یقین دلایا کہ علاقے میں پانی کی قلت کے خاتمے کے لیے فوری اور طویل مدتی منصوبوں پر کام جا ری ہے دوتین ماہ میں مسئلے کو حل کر لیا جا ئے گا ، جبکہ سیکیورٹی اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے فوری طور پر ایک ٹیم تشکیل دی جا ئے گی ، جو ان مسائل کو فوری طور پر حل کر ے گی۔