جج کی علالت ، جسٹس شو کت صدیقی برطرفی کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی


اسلام آباد (صباح نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق جج اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی برطرفی کے خلاف مقدمہ کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی ۔

چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطابندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے کیس کی سماعت کرنا تھی لیکن ایک اور کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس عمر عطابندیال نے شوکت صدیقی کے وکیل حامدخان کو بلا کرآگاہ کیا کہ پانچ رکنی بینچ کے ایک فاضل رکن جسٹس مظہر عالم میاں خیل علیل ہوچکے ہیں اس لئے کیس کی سماعت آج ممکن نہیں،

حامد خان نے کہا کہ آئندہ ہفتے کیس کو سماعت کیلئے مقرر کردیا جائے تاہم چیف جسٹس نے کہاکہ کہ فاضل جج کوریکور ہونے میں وقت لگ سکتاہے اس لئے کوئی تاریخ نہیں دے سکتے کیونکہ اس بیماری کے بعد کمزوری زیادہ ہوجاتی ہے ۔ عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی ۔