وزیر اعظم پاکستان سے اسپیکر قومی اسمبلی کی ملاقات


اسلام آباد(صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف سے پیر کے روز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی معاشی و سیاسی صورتحال اور قانون سازی سے متعلقہ امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں ہونے والی قانون سازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پارلیمان عوام کا نمائندہ ادارہ ہے اور عوام کو اس ادارے سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موثر قانوں سازی کے ذریعے ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے  ایوان کی کاروائی کو خوش اسلوبی سے چلانے پر اسپیکر قومی اسمبلی کے کردار کی تعریف کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ موجود عوامی حکومت کے خدمت پر یقین رکھتی ہے عوام کو درپیش کو مسائل کو حل کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی کی درخواست پر گوجر خان میں وویمن چلڈرن ہسپتال اور پنجاب یونیورسٹی کی ذیلی کیمپس کے  قیام کی بھی منظوری دی۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے وزیر اعظم کو قومی اسمبلی میں ہونے والی قانوں سازی اور ایوان میں عوامی اہمیت کے حامل ہونے والے ایشو ز پر ہونے والی بحث سے آگاہ کیا۔

انہوں نے موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو درپیش معاشی مشکلات پر قابو پانے میں کامیاب ہو گی۔ انہوں نے قومی اسمبلی میں کفایت شعاری کے ذریعے اخراجات کو کم کرنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم سے گوجر خان میں وویمن چلڈرن ہسپتال اور پنجاب یونیورسٹی کے ذیلی کمپس کے قیام کی منظوری کے لیے کہا۔