سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ کو روکنے کیلئے درخواست دائر


اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ کو روکنے کیلئے درخواست دائر کردی گئی، پیر کے روزاصغر علی شیخ نامی شہری کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد مختلف سیاسی جلسوں میں ملکی اداروں کو دھمکا رہے ہیں اور عوام کو ملکی اداروں پر حملے کیلئے اکسا رہے ہیں،

درخواست میں سابق وزیراعظم عمران خان، شیخ رشید، شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدری سمیت دیگر کو فریق بناکر موقف اختیارکیا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان ٹائیگر فورس کو حالیہ حکومت کے خلاف استعمال کرسکتے ہیں، سابق وزیر اعظم عمران خان کا لانگ مارچ کرنے کا مقصد ملک میں افراتفری پھیلانا ہے،پی ٹی آئی ٹائیگر فورس کو تنخواہ دی جارہی ہے تاکہ وہ ملک کو نقصان پہنچائیں۔درخواست گزار نے کہا ہے کہ عمران خان سمیت تحریک انصاف کے رہنما مختلف ٹی وی چینلز پر کہہ چکے ہیں ہمارا مارچ خونی ہوگا۔

درخواست میں سابق وزیراعظم عمران خان کا حالیہ متنازعہ بیان کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عمران خان نے ایک انٹرویو میں کہا ملک تین حصوں میں تقسیم ہوگا اور ایٹمی اثاثے خطرے میں ہیں،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ سابق وزیراعظم سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماوں کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف جے آئی ٹی تشکیل دے،اور ٹائیگر فورس کو تنخواہوں کی ادائیگی پر ایف آئی اے سے انکوائری کرائی جائے، اور ملک میں پرامن ماحول برقرار رکھنے کیلئے خونی مارچ کو روکا جائے۔