صدر مملکت سے نیشنل اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس خضدا رکی طالبات کی ملاقات


اسلام آباد(صباح نیوز) صدر مملکت سے نیشنل اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس خضدا ر،بلوچستان کی طالبات نے ملاقات کی، صدر عارف علوی نے طلبا کو اچھی آمدنی حاصل کرنے کے لیے ڈیجیٹل اور آئی ٹی کی مہارتیں فراہم کرنے کی ضرورت  پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکام اسکول کو سیکنڈری سطح تک اپ گریڈ کرنے، نصاب کو بہتر اور جدید بنانے ، اسکول کو جدید تعلیمی سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔

ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلایہ کے مطابق پیر کے روز صدر مملکت سے نیشنل اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس خضدار ،بلوچستان کی طالبات  کے وفد نے ملاقات کی، طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے ڈیجیٹل اور آئی ٹی کی مہارتیں فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندے، این جی اوز اور متعلقہ وفاقی اور صوبائی محکمے طلبا کو معیاری اور مارکیٹ کی ضروریات پر مبنی ہنر فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اسکول کو جدید دور کی تدریسی سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے تمام ضروری مدد  فراہم کریں، حکومت اور پرائیویٹ سیکٹر خصوصی افراد کے لیے سرکاری عمارتوں، ہسپتالوں، تفریحی سہولیات، پبلک ٹرانسپورٹ، گلیوں اور سڑکوں تک رسائی بہتر بنانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائیں۔

صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ حکومت اور سول سوسائٹی مناسب تعلیم، ہنر، تربیت اور مناسب نوکریوں پر تعیناتی کے ذریعے معاشرے میں ان افراد کی موثر شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے مل کر کام کریں۔ اعلامیہ کے مطابق طالبات اپنی تعلیمی سرگرمیوں کے سلسلے میں اسلام آباد کا دورہ کر رہی ہیں،نیشنل اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس، خضدار، بلوچستان کے جنوبی علاقے میں معذور طلبا کا واحد تعلیمی ادارہ ہے، اس ادارے میں پرائمری تعلیم اور ہنر مندی کے پروگراموں میں 160 طلبا اور طالبات زیر تعلیم ہیں۔