نبی ۖکی شان میں گستاخی :بھارتی سفیر کو پاکستان سے بے دخل کیا جائے،حافظ نعیم الرحمن کا مطالبہ


کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پربھارت میں حکمران پارٹی بی جے پی  کے متعصب ہندورہنماؤں کی جانب سے نبی کریم ۖ کی شان میں گستاخی کے خلاف کراچی شہر بھر میں مختلف مساجد کے باہر مظاہرے ہوئے جن سے جماعت اسلامی کراچی کے نائب امرا ودیگر ذمہ داران کے علاوہ بلدیاتی انتخابات میں نامزد چیئرمینز و وائس چیئرمینزنے خطاب کیا۔

میمن مسجد بولٹن مارکیٹ پراحتجاجی مظاہرے سے امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، امیر ضلع جنوبی و رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ مظاہرے کے شرکاء نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور مسلم دشمن بی جے پی کے خلاف زبردست نعرے لگائے اور پاکستان سے بھارتی سفیر کو بے دخل کرنے کا مطالبہ کیا ۔شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور ہندو شر پسند لیڈروں کے خلاف نعرے درج تھے ۔نعروں میں نعرہ تکبیر اللہ اکبر ، غلامی رسول ۖ میں موت بھی قبول ہے ، حرمت رسول  ۖپرجان بھی قربان ہے ،حکمرانو! شرم کرو ڈوب مرو،بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ کرو،حکمرانو! بھارت سے دوستی ختم کروشامل تھے ۔

اس موقع پر سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ،جماعت اسلامی مینارٹی ونگ کراچی کے صدر یونس سوہن ایڈوکیٹ ، جنرل سکریٹری پرویز برکت ودیگر بھی موجود تھے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ نبی ۖ کی عزت و توقیر مسلمانوں کے لیے زندگی اور موت کامسئلہ ہے،گستاخِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف احتجاج ہمارے ایمان کا حصہ ہے ،ہمارا مطالبہ ہے کہ بھارتی سفیر کو پاکستان سے بے دخل کیا جائے،بھارتی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے،بی جے پی رہنماوں کے جانب سے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کی شدید مذمت کرتے ہیں،بی جے پی پارٹی دہشت گردہندو تنظیم ہے،”تحفظ ناموس رسالت ۖ” کے حوالے سے جلد ایک  بڑا احتجاج کیا جائے گا ،جس میں حکمرانوں کو مجبور کیا جائے گا کہ بھارت سے ہر قسم کے تعلقات کو ختم کیا جائے۔ہندو ایک بزدل قوم ہے جو نبی ۖکی شان میں گستاخی کرتے ہیں،ہمارے حکمران بھارت کے خلاف پارلیمنٹ میں قرارداد بھی پاس نہیں کرواسکے،ہمارے ملک میں معاشی بدحالی ہمارے حکمرانوں، وڈیروں اور جاگیرداروں کی وجہ سے ہوئی ہے،اس وقت پورے عالم عرب اور برصغیر کے مسلمان سراپا احتجاج ہیں۔

سید عبد الرشید نے کہاکہ دنیا بھر کے مسلمان حرمت رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر جان دینے کے لیے تیار ہیں،ہندوستان کے اندر ہندو سرکار کی جانب سے ناموس رسالت کی شان میں ناپاک جسارت کی گئی،امت مسلمہ مودی سرکار کو یہ پیغام دینے چاہتی ہے کہ مسلمان جاگ رہے ہیں، نبی کی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،مودی سرکار نے اپنے ملک کی معیشت کو بچانے کے لیے شان رسالت میں گستاخی کی،ہم بتادینا چاہتے ہیں کہ گستاخ رسول کی صرف اور صرف ایک ہی سزا ہے،ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارتی مصنوعات کابائیکاٹ کیا جائے۔