پاکستان جمہوریہ پولینڈ کیساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتاہے، عارف علوی


اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان جمہوریہ پولینڈ کیساتھ تعلقات کوانتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاکستان پولینڈ کیساتھ تجارت،معیشت اورعوامی روابط کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کومزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آج صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پولینڈ میں پاکستان کے نامزد سفیرڈاکٹر خالد حسین میمن نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان جمہوریہ پولینڈ کیساتھ تعلقات کوانتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتاہے۔ پاکستان پولینڈ کیساتھ تجارت،معیشت اورعوامی روابط کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کومزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

پاکستان میں سیاحوں کی آمد بڑھانے کیلئے نامزد سفیر سیاحت کے شعبے میں موجود مواقع اجاگر کریں۔ نامزد سفیر پاکستان اور پولینڈ کی جامعات کے مابین ادارہ جاتی روابط کے قیام کے لیے کام کریں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ تعلیم کے شعبے میں دوطرفہ  تعلقات مزید مستحکم بنانے سے پاکستانی جامعات کا تعلیمی اور تحقیقی معیار بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ نامزد سفیر پولینڈ میں پاکستانی افرادی قوت کی تعداد بڑھانے پر بھی کام کریں۔

صدر مملکت نے نامزد سفیر کو پولینڈ میں پاکستان کے سفیر کے طور پر تقرری پر مبارکباد بھی پیش کی۔