پی ٹی آئی کی خواتین اراکین پارلیمنٹ کا مظاہرہ، پارلیمنٹ کے مرکزی گیٹ پر چڑھ گئیں


اسلام آباد(صباح نیوز) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی خواتین اراکین قومی اسمبلی سمیت دیگر رہنماوں و کارکنان نے پارلیمنٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ، خواتین پارلیمنٹ ہاوس کے مرکزی گیٹ پر چڑھ گئیں۔پی ٹی آئی خواتین کارکنان کی جانب سے مہنگائی، ای وی ایم بل اور سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کے حق کا بل ختم کرنے کے خلاف مظاہرہ کیا۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر پی ٹی آئی کی خواتین اراکین پارلیمنٹ لاجز سے احتجاج کرتے ہوئے پارلیمنٹ ہاوس تک پہنچیں، انہوں نے ہاتھوں میں برتن بھی اٹھا رکھے تھے اور نعرے لگا رہی تھیں جہاں اسلام آباد پولیس نے انہیں اندر جانے سے روک دیا اور گیٹ بند کردیا۔پی ٹی آئی رہنما کنول شوزب نے کہا کہ ہم این آر او ٹو نہیں مانگتے اور نہ ہی لینے دیں گے، اوورسیز کے ووٹوں پر ڈاکا ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہم اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے آئے ہیں

اس موقع پر خواتین نے کہا کہ انہیں اندر جانے دیا جائے لیکن دروازہ نہ کھولنے پر پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ اور کنول شوزب پارلیمنٹ ہاوس کے دروازے پر چڑھ گئیں اور خواتین نے دھکے دے کر گیٹ کھولا اور اپنی مدد آپ کے تحت پارلیمنٹ ہاوس کے اندر آگئیں۔اس تگ ودو کے دوران پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کے ہاتھ اور پیر زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، دوسری جانب پی ٹی آئی خواتین نے پارلیمنٹ ہاس میں داخل ہوکر احتجاج کیا اور  نعرے لگائے ۔

پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے احتجاج کے دوران پی ٹی آئی خواتین رہنماوں نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔پی ٹی آئی اراکین کی جانب سے احتجاج کے دوران مختلف برتن اور پلے کارڈز بھی ہاتھوں میں اٹھائے ہوئے تھے جن پر نعرے درج تھے۔احتجاج کے دوران خواتین اراکین سمیت دیگر مظاہرین نے گیٹ توڑ کر اندر جانے کی کوشش کی، اس دوران پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والی کچھ خواتین اراکین پارلیمنٹ ہاوس کے مرکزی گیٹ پر چڑھ گئیں۔

پی ٹی آئی کی رہنما عالیہ حمزہ اور کنول شوزب پارلیمنٹ کے مرکزی گیٹ پر چڑھ گئیں. جب کہ پی ٹی آئی خواتین اراکین گیٹ توڑ کر پارلیمنٹ ہاوس کے احاطے میں گیٹ نمبر ایک تک چلی گئیں۔عالیہ حمزہ ،کنول شوزب اور ملیکہ بخاری نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفی دے دیا ہے، تاہم، باضابطہ طور پر ان کے استعفے منظور نہیں ہوئے ہیں