مختلف وزارتوں و محکمہ جات میں موثر اصلاحات مرتب کرنے اور خامیوں کی تشخیص میں ڈاکٹر عشرت نے موثر کردار ادا کیا،ڈاکٹر ثانیہ نشتر


اسلام آباد(صباح نیوز)پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی(ایس ڈی پی آئی)کے زیر اہتمام سابق گورنر سٹیٹ بنک اور معروف ماہر معاشیات ڈاکٹر عشرت حسین کی پیشہ ورانہ امور پر اقدامات و خدمات پر دنیا بھر میں قلم بند کئے  جانے والے مضامین و تحاریر کو تصنیفی شکل میں ڈھالنے پر تقریب رونمائی کا اہتمام کیا ۔

ان تصانیف میں اِن ریونگ گارڈین ناٹس دی ورک اینڈ ورلڈ آف ڈاکٹر عشرت حسین ، تحقیق سبطین نقوی کی کاوش پر مبنی ہیں۔تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ، ڈاکٹر عشرت حسین نے کابینہ میں رہتے ہوئے مختلف وزارتوں اور محکموں میں متعدد اہم اصلاحات متعارف کروائیں۔ جس کی تشخیص اور اصلاح بلا شبہ ایک اہم و گراں قدر خدمت ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر عشرت حسین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں لا تعداد چیلنجز کا سامنا رہا مگر کبھی پیچھے نہیں ہوا۔ انہوں نے نئی نسل کوبالخصوص ہدایت دی کہ کسی بھی شعبہ میں راتوں رات یا خواب کے ذریعے کامیابی نہیں ملتی۔ بلکہ اپنی سمت درست رکھتے ہوئے محنت کا راستہ اپنایا جائے تو پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں ۔

تقریب رونما ئی سے خطاب کرتے ہوئے ہائر ایجوکیشن کمشن آف پاکستان کے سابق چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری نے کہا کہ ڈاکٹر عشرت حسین نے پاکستان سمیت دنیاکے متعدد غریب ممالک کی معیشت کی بحالی میں گراں قدر خدمات انجام دیں ۔ ان کا کردار کلینکل اکانومسٹ کا ہے اور ان کے حوالے سے تصانیف شعبہ معاشیات میں بائبل  کی حیثیت رکھتی ہیں۔اس موقع پر ایچ ای سی کی ایگزیکٹو ڈائیریکٹر شائستہ سہیل نے کہا کہ اداراہ جاتی اصلاحات میں ڈاکٹر عشرت اہم مہارت رکھتے ہیں جس کو انہیں جاری رکھنا چاہئے۔

تقریب کی رونمائی کے تعارفی کلمات ادا کرتے ہوئے پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی کے سر براہ ڈاکٹر عابد قیوم سلہری نے کہا کہ ڈاکٹر عشرت حسین نے مالی اتتلا کے دور میں بر وقت اور موثر اصلاحات کیں ۔ جس کی بدولت ملک مشکل ترین حالات میں جانے سے محفوظ رہا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اداراہ جاتی اصلاحات کے حوالے سے ان کا ویژن ایک نصاب کا درجہ رکھتا ہے۔ جس سے حکومت کو اپنی سمت میں درستگی کے لئے رہنمائی مل سکتی ہے۔

اس موقع پر سابق سیکرٹری خارجہ امور ریاض احمد خان نے کہا کہ ڈاکٹر عشرت حسین کا شمار دنیا کے ممتاز ماہرین معاشیات میں ہوتا ہے جو کہ بیک وقت اصلاحات پر بھی ملکہ رکھتے ہیں۔ اس موقع پر پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی کے نائب سر براہ ڈاکٹر وقار احمد نے کہا کہ ڈاکٹر عشرت حسین کا کام اور تصانیف شعبہ معاشیات میں مستند حیثیت رکھتے ہیں ۔ تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے این آر یس پی کے سربراہ ڈاکٹر شعیب سلطان نے کہا بحیثیت جونیئر سول سرونٹ ڈاکٹر عشرت حسین نے میرے ساتھ کام کیا جو نئیر ہونے کے باوجود بہت کچھ ان سے جا ننے کا موقع ملا او روہ ایک اعلی اوصاف کی حامل شخصیت کے مالک ہیں۔

تقریب میں بورڈ آف انوسٹمنٹ کے سابق سربراہ ہارون شریف نے بھی تفصیل سے روشنی ڈالی تقریب کے اختتامی کلمات میں پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی کے چیئرپرسن شفقت کاکا خیل نے بھی ڈاکٹر عشرت حسین کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔