عمران خان ملک میں انتشار اور خودکش حملہ آور پیدا کررہے ہیں، شیری رحمن


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر شیری رحمن نے پی ٹی آئی ایم این اے کی خودکش حملے کی دھمکی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان ملک میں انتشار اور خودکش حملہ آور پیدا کررہے ہیں۔

ایک بیان میں شیری رحمن نے کہا کہ پی ٹی آئی ایم این اے کی خودکش حملے کی دھمکی کی شدید مذمت کرتے ہیں، یہ کون لوگ ہیں جو ایوان میں بیٹھ کر دہشتگرد طرز عمل کی عکاسی کررہے ہیں؟۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی انتشار اور نفرت کی سیاست ملک کے نقصان کیلئے کافی نہیں تھی؟، کیا اب پی ٹی آئی ارکان اسمبلی حکومت کو دہشتگردوں کی طرح دھمکیاں دیں گے؟۔

ان کا کہنا تھا کہ کبھی خونی مارچ کا کہتے ہیں تو کبھی پوری فورس کے ساتھ اسلام آباد پر چڑھائی کا کہتے ہیں اور ان کے قائد کہتے ہیں مجھے اقتدار میں لاؤ ورنہ ملک کے 3 ٹکڑے ہوجائیں گے۔

شیری رحمن نے کہا کہ نوجوانوں کو عمران خان ذاتی مفادات کے لیے گمراہ کررہے ہیں، ان کی نفرت انگیز سیاست کی وجہ سے ملک میں انتشار پھیل رہا ہے، سابق وزیر اعظم اپنی طرز سیاست پر نظرثانی کریں۔