صنعا(صباح نیوز) یمن میں آئینی حکومت کی حمایت کرنے والے عرب اتحاد نے صنعا میں حوثی ملیشیا کے گوداموں اور ورکشاپوں کو نشانہ بناتے ہوئے فضائی حملے کیے ہیں۔ عرب اتحاد نے حملوں میں الدیلمی ایئر بیس کو نشانہ بنایا جہاں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
عرب اتحاد نے بتایا گیا ہے کہ اتحاد نے صنعا میں ایک خفیہ جگہ کو فضائی حملے کے ذریعے نشانہ بنایا تھا جسے ایرانی پاسداران انقلاب اور حزب اللہ ملیشیا کے ماہرین استعمال کرتے تھے۔اس کے بعد اتحاد نے اعلان کیا کہ اس نے بیلسٹک اور ڈرون کے خطرے کے جواب میں قانونی فوجی اہداف کے لیے ایک وسیع آپریشن کیا ہے۔
فضائی حملوں میں صنعا، دمار، صعدہ اور الجوف کی گورنریوں میں اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ حملوں نے بیلسٹک میزائلوں، ڈرونز اور مواصلاتی نظام کی ورکشاپوں اور گوداموں کو تباہ کر دیا گیا۔ عرب اتحاد نے زور دیا کہ ایرانی پاسداران انقلاب اور لبنانی حزب اللہ کے ماہرین کے لیے ایک خفیہ مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔
عرب اتحاد نے اعلان کیا تھا کہ اس نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مآرب اور البیضا میں حوثی ملیشیا کو نشانہ بنانے کے 29 حملے کیے ہیں۔ انہوں نے بدھ کے روز ایک بیان میں مزید کہا کہ کارروائیوں کے نتیجے میں حوثی ملیشیا سے تعلق رکھنے والے فضائی دفاعی نظام کو تباہ کر دیا گیا اور ان حملوں میں 90 سے زیادہ حوثی جنگجو ہلاک ہوگئے۔انہوں نے مزید کہا کہ مغربی ساحلی افواج کی حمایت اور شہریوں کے تحفظ میں ملیشیا کو 6 کارروائیوں میں نشانہ بنایا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ گذشتہ چند گھنٹوں میں ایک طرف عوامی مزاحمتی فورسز کی حمایت یافتہ قومی فوج اور دوسری طرف صوبے کے جنوبی محاذوں پر ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے درمیان پرتشدد لڑائیاں دیکھنے میں آئیں۔فیلڈ ذرائع نے العربیہ/الحدث کو بتایا کہ فوج نے ملیشیا کی جانب سے حریب کے محاذ “ام ریش – الفلیحہ” میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر شروع کیے گئے پرتشدد حملے کو پسپا کیا۔ جوابی کارروائی میں دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا۔ کئی جنگجو مارے گئے اور ان کی بکتر بند گاڑیاں اور دیر بھاری اسلحہ تباہ ہو گیا۔