ٹرائل کورٹس میں منشیات کے زیر التوا کیسز کی تفصیلات طلب


اسلام آباد (صباح نیوز ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسداد منشیات نے  ٹرائل کورٹس میں  منشیات کے زیر التوا کیسز کی تفصیلات طلب کرلی  ہیں ۔ایوان بالا قائمہ کمیٹی برائے انسداد منشیات کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر اعجاز احمد چوہدری کی زیر صدارت سوموار کو پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد ہوا.

کمیٹی نے مالی سال 2022-23 کے لیے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی)سے تحت سالانہ بجٹ کا جائزہ لیا۔ اے این ایف کے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ پی ایس ڈی پی کے تحت چار منصوبہ جات کے لیے وزارت خزانہ سے فنڈز کی درخواست کی گئی تھی. مگر فنڈز دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے صرف ایک منصوبے پر اکتفا کرنا پڑ رہا ہے۔ اے این ایف حکام نے مزید بتایا کہ اسلام آباد کے علاقے ہمک میں ایک بحالی مرکز پر کام جاری ہے جو آئندہ سال مکمل کر لیا جائیگا.

وزیر برائے انسداد منشیات شاہ زین بگٹی نے کمیٹی کو بتایا کہ بحالی مراکز کی تعمیر کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطہ کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں وزیر اعلی سندھ سے بھی ملاقات کر چکا ہوں اور وزیر اعلی سندھ نے بحالی مراکز کے لیے سندھ کے اضلاع میں زمین اور سرکاری عمارتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے. خیبرپختونخوا میں انسداد منشیات کے علیحدہ قانون کے معاملے پر وزارت انسداد منشیات نے کمیٹی کو بتایا کہ معاملہ صوبائی حکومت کے ساتھ اٹھایا گیا ہے لیکن معاملہ اب سپریم کورٹ میں ہے.

چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ اگر معاملہ سپریم کورٹ میں ہے تو انکے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے. عدالتوں میں زیر التوا منشیات کے ہائی پروفائل کیسز کے بارے میں گزشتہ اجلاس میں کمیٹی کو بتایا گیا تھا کہ اس طرح کے 141 کیس مختلف عدالتوں میں زیر التوا ہیں. چیئرمین کمیٹی نے ہدایات دیں کہ ٹرائل کورٹس میں زیر التوا کیسز کی بھی تفصیلات کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیں.کمیٹی اجلاس میں سینیٹرز، دوست محمد خان، شہادت اعوان ، انور لال دین ، جام مہتاب حسین دھر، سیمی ایزدی، متعلقہ وزارت اور اے این ایف  کے حکام نے شرکت کی۔۔