یاسین ملک نہیں،نوپور شرما دہشت گرد ہے،مشعال ملک


اسلام آباد(صباح نیوز) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما کی گستاخانہ گفتگو پر اپنے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

مشعال ملک نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما کے گستاخانہ بیان پر اظہارِ برہمی کیا ہے۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ یاسین ملک دہشت گرد نہیں ہیں۔انہوں نے مزید لکھا کہ دہشت گرد نوپور شرما ہے، اسے گرفتار کرو اور فاشسٹ آر ایس ایس کو سزا دو۔

واضح رہے کہ بی جے پی ترجمان نوپور شرما نے ایک ٹی وی چینل پروگرام میں اسلام اور پیغمبرِ اسلام حضرت محمدۖ کی شان اقدس میں گستاخانہ گفتگو کی تھی۔ نوپور شرما کے اس گستاخانہ بیان پر بھارت اور بیرون ملک غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے جبکہ عرب ممالک میں بائیکاٹ انڈیا مہم بھی چل پڑی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مصر، سعودی عرب اور کویت میں بائیکاٹ انڈیا کی مہم شروع ہوگئی۔