عالمی برادری بھارتی حکومت کے رویوں، اقدامات کا نوٹس لے ،مریم اورنگزیب


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حضرت محمد(ص)کی ناموس میں گستاخی کرکے بی جے پی کے رہنماؤں نے خود کو پست ثابت کیا، عالمی برادری بھارتی حکومت کے رویوں، اقدامات کا نوٹس لے۔

مریم اورنگزیب نے بی جے پی رہنماؤں کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی رہنمائوں کے گستاخانہ بیانات کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، یہ بی جے پی کی انتہاپسندانہ اور فتنہ پرور سوچ کا ایک اور ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ رحمت بن کر آنے والے نبی اکرمۖ کی پاک سیرت و کردار کا مطالعہ کرنے والا کوئی بھی نیک الفطرت انسان ان کا احترام کیے بغیر نہیں رہ سکتا۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ عالمی برادری بھارتی حکومت کے رویوں اور اقدامات کا نوٹس لے، بھارت اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں کے بنیادی حقوق، مذہبی آزادیوں اور بنیادی انسانی حقوق کا مجرم ہے، اسے کٹہرے میں کھڑا کیاجائے، ہر مسلمان اپنے آقا کریم (ص)کی عزت وحرمت کو اپنی جان سے زیادہ عزیز سمجھتا ہے، ہر مسلمان اس مقصد کے لئے کٹ مرنے کو تیار ہے۔