مہنگائی نے غریب عوام کو بے حال کر دیا ہے، نصرت ناہید


اسلام آباد(صباح نیوز) حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد کی ناظمہ نصرت ناہید نے مہنگا ئی کے طوفان پر حکومت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی نے غریب عوام کو بے حال کر دیا ہے۔اشیائے خوردونوش تک درمیانے طبقے کی رسائی بھی مشکل ہونے لگی ہے،ان حالات میں حکومتی وزرا اپنی آسائشوں کو کم کرنے کے بجائے سارا بوجھ عوام کے کندھوں پر ڈال رہے ہیں۔

اپنے بیان میں نصرت ناہید نے کہا کہ مہنگائی کے علاوہ عوام کو یہ شعور ہونا چاہیے کہ سود پر قرضے لے کر آئی ایم ایف کی ڈیکٹیشن پر چلنے والی یہ حکومتیں نہ پاکستان کی آزادی کے لیے بھی خطرہ ہیں بلکہ ان حکومتوں کا مقصد صرف اپنی کرسی کا دفاع ہے،اگر وہ اس بحران سے نکلنا چاہتے تو اپنے اور سابقہ حکومتوں کے ناجائز اثاثوں سے ملکی وسائل پورے کرتے اور آئی ایم ایف سے مزید قرضے لے کر ملکی معیشت کو نہ ڈبوتے۔

عوام کو چاہیے کہ چہرے بدلنے کے بجائے اب نظام کی تبدیلی کی جدو جہد کریں۔جب عوام اپنا وژن بدلیں گے اور معاشرے کے اندر تعمیری کردار ادا کر تے ہوئے دیانت دار قیادت کا انتخاب کریں گے تو معاشی بحران تھم جائے گا۔