سٹیشن کمانڈر راولپنڈی بریگیڈیئر سلمان نذر کا راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام دو روزہ مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکسپوکا دورہ


راولپنڈی (صباح نیوز) سٹیشن کمانڈر راولپنڈی بریگیڈیئر سلمان نذر نے  راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام  دو روزہ مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکسپوکا دورہ کیا، صدر چیمبر ندیم رئوف اور چیئرمین ایکسپو راجہ عمر اقبال نے سٹیشن کمانڈر کو نمائش کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور بریفنگ بھی دی۔بریگیڈئیر سلمان نذر نے مصنوعات کے معیار کو سراہا ،

اس موقع پر یونیورسٹی طلبا نے آئی ٹی پروڈکٹس پر تفصیل کے ساتھ معلومات کا تبادلہ کیا۔ اسٹیشن کمانڈر نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، اگر وسائل فراہم کیے جائیں تواعلی معیار کی کئی مصنوعات کی مقامی پیداوار بھی شروع کی جاسکتی ہے، انہوں نے کانفرنس اور نمائش کے انعقاد پر راولپنڈی چیمبر آف کامرس کو مبارکباد بھی دی۔  صدر چیمبر ندیم رئوف نے بتایا کہ نوجوان تیزی سے انٹرپرنیورشپ کی جانب آ رہے ہیں، ای کامرس ، ای ہیلتھ ابھرتے ہوئے سیکٹرز ہیں۔

انہوں نے کہا آئی ٹی ایک ابھرتا شعبہ ہے  پاکستان کی سالانہ ایکسپورٹ آئی ٹی شعبے میں صرف چار ارب ڈالر کے قریب ہیں جبکہ بھارت کئی گنا آگے جاچکا ہے، چیئرمین ایکسپو راجہ عمر اقبال نے بتایا کہ نمائش میں چالیس سے زائد سٹالز لگائے گئے ہیں،جن میں ٹیکنالوجی ،  تھری ڈی پرنٹر، موسمیاتی آلات، روبوٹس، ڈرون ٹیکنالوجی، لاجسٹک، طبی سامان اور یونیورسٹیز کی جانب سے آئی ٹی سروسز سے متعلق مصنوعات رکھی گئی تھیں۔