وزیر اعظم شہباز شریف کا کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ


کوئٹہ(صباح نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے وکمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا۔وزیر دفاع خواجہ آصف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ وزیر اعظم کے ہمراہ  تھے ۔ وزیر اعظم کو کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور فوج کی دفاعی تیاریوں کے حوالے سے بتایا گیا، وزیراعظم نے بطور مہمان کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کی پاسنگ آوٹ پریڈ میں شرکت کی۔

وزیراعظم  نے افسروں سے خطاب بھی کیا۔ ،کوئٹہ آمد پر وزیراعظم امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت بھی کی، جب کہ حکام کی جانب سے انہیں شیرانی کے جنگلات میں لگنے والی آگ اور اس کے نقصانات سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔وزیراعظم سے کوئٹہ میں مقامی عہدے داروں اور صوبائی اراکین سے ملاقاتیں بھی شیڈول کی گئی تھیں۔

بعد ازاں وزیراعظم کوئٹہ سے گوادر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا، وزیر اعظم کو گوادر میں صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی،سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف  نے گوادر کی نئی تعمیر شدہ بندرگاہ کا دور ہ بھی کیا۔

وزیراعظم نے گوادر پورٹ کا فضائی دورہ  کیا اور ایسٹ بے ایکسپریس وے (EBE) کا افتتاح کیا۔اس سے قبل جمعہ کووزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے،کوئٹہ ایئرپورٹ آمد پر قائم مقام گورنر میر جان محمد جمالی اور وزیراعلی عبدالقدوس بزنجو نے ان کا استقبال کیا۔