سری نگر(کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما محمد اقبال میر نے کہا ہے کہ بھارت کی فاشسٹ مودی حکومت حریت قیادت کو پابندسلاسل یا سزا دینے سے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتی۔مقبوضہ کشمیرکے ہر گھر میں محمد یاسین ملک جیسے لیڈر پیدا ہونگے،
سرینگر سے جاری کئے گئے اپنے بیان میں محمد اقبال نے حریت لیڈر محمد یاسین ملک کو بھارت کی کینگر و عدالت کی جانب سے ایک جھوٹے مقدمے میں عمر قید کی سزا سنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیری قیادت کے خلاف جھوٹے مقدمات میں اپنی نام نہاد عدالتوں سے سزائیں دلا کر انہیں ماورائے عدالت قتل کرنے کے منصوبے پر عمل پیر اہے۔اسی منصوبے کے تحت مودی حکومت نے حریت قائدین سید علی گیلانی اور محمد اشرف صحرائی سمیت دیگر رہنماوں کا دوران حراست قتل کیا ہے ،اب یاسین ملک کو جعلی اور فرضی مقدمات میں عمر قید کی سزا سنائی گئی وہ بھی اسی منصوبیکا ایک حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کا جرم صرف یہ ہے کہ وہ کشمیری عوام کے بنیادی حق خودارادیت کے لئے پرامن جدوجہد کررہے ہیں’ جس کی اجازت انہیں اقوام متحدہ کا چارٹر اور قراردادیں دیتی ہیں۔ یاسین ملک کا جرم بھارتی غلامی کے خلاف جدوجہد کرنا اور فسطائی نریندر مودی کی حکومت کے سامنے ہتھیار ڈالنے سے انکار کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کشمیری عوام کی مزاحمت کی علامت اور تحریک آزادی کی سب سے توانا آواز ہیں ،بھارت ایسی آوازوں کو خاموش کرانے کیلئے اپنے ظالمانہ ہتھکنڈوں کا استعمال کررہا ہے ،حریت رہنما نے واضح کیا کہ کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہیں اور ہندوتوا حکومت مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری آزادی کی تحریک کو دبانے اور کشمیری عوام کی آواز کو خاموش کرانے کے لئے جو وحشیانہ ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے وہ ہماری جدوجہد میں کبھی بھی رکاوٹ نہیں بن سکتے نہ ہی بھارت اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب ہوگا،
دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنما محمد اشرف ڈار نے یاسین ملک کوعمر قید کی سزا سنائے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یاسین ملک اور دوسرے کشمیری رہنماوں کو بھارتی عدالت کی جانب سے سزائیں دینا عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ جموں و کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور بھارت اپنی نام نہاد عدالتوں سے کشمیری عوام کی قسمت کا فیصلہ نہیں کرسکتا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے عالمی ضمیر کی پراسرار خاموشی پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ وہ اپنے مردے ضمیر کو جگاکر یاسین ملک اور دوسری کشمیری قیادت کو بچانے کے لئے اپنا موثر کردار ادا کرے