مقبوضہ کشمیر میں مزید4کشمیری نوجوان شہید ہوگئے


 سری نگر۔۔۔ بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران مزید 4کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے۔ اس طرح گزشتہ72 گھنٹے کے دوران شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کی تعداد بڑھ کر 10ہو گئی ہے۔

جمعہ کے روز بھارتی فوج کی بھاری جمعیت نے سری نگر کے علاقے صورہ میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی شروع کی ۔ اس دوران شا کر احمد وازہ اور آفرین آفتاب ملک نامی نوجوانوں کو گولی مار کر شہید کر دیا گیا۔

پولیس ترجمان نے دعوی کیا ہے کہ  مارے جانے والے  شوپیان کے رہائشی  عسکریت پسند تھے ان کے قبضے سے  اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا ہے۔

کے پی آئی کے مطابق جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے علاقے اونتی پورہ میں بھی بھارتی فوج نے دو کشمیری نوجوانوں کو شہید  کر دیا ہے علاقے میں فوجی کارروائی جاری ہے۔ بھارتی فوج نے ضلع پونچھ کے علاقے  باگیالدرہ میں تلاشی اور محاصرے کی بڑی کارروائی شروع کی ہے۔

دریں اثنا ضلع اسلام آباد کے علاقے قاضی گنڈ میں ایک 50سالہ خاتون ریل کی پٹری کراس کرتے ہوئے ہلاک ہو گئی ۔