اسلام آباد(صباح نیوز)جموں کشمیر کے حریت رہنما شیخ عبدالماجد نے ممتاز کشمیری رہنما یاسین ملک کے جعلی مقدمات میں سزا پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی تحقیقاتی ادارے این ائی اے کی قائم کردہ عدالت نے یک طرفہ ٹرائل کے بعد جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ یاسین ملک کو مجرم قرار دیکر عمر قید کی سنائی گئی سزا کی کوئی حیثیت نہیں۔
اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ یاسین ملک بھارتی سامراج سے بھیک مانگنے اور جھکنے کے بجائے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے اور بھارتی نظام عدل و انصاف کی دھجیاں بکھیر دیں اور خود کو کشمیریوں کا حقیقی نمائندہ کے طور پر منوایا۔عالمی شہرت یافتہ کشمیری رہنما یاسین ملک کو جھوٹے مقدمات میں ملوث کرکے سزا سنانے سے بھارتی جمہوریت اور نظام انصاف کی قلعی اقوامِ عالم کے سامنے بے نقاب ہوگئی ھے اور بھارتی عوام کا بھی بھارتی عدالتوں سے اعتبار اٹھ چکا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ 25 مئی کا دن بھارتی جمہوریت کے لئے نہ صرف سوالیہ نشان بلکہ سیاہ ترین دن تھا۔ یاسین ملک کے اٹھائے گئے سوالات کا جواب دینے کے بجائے بھارت کی جانبدار عدالت نے طے شدہ سزا سنادی جس کو پاک بھارت اور عالمی سیاسی، سماجی اور انسانی حقوق کے رہنماؤں نے غیر انسانی اور غیر منصفانہ قرا دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بھارت کے اس غیر منصفانہ اور غیر انسانی فیصلے کو اقوامِ متحدہ اور عالمی عدالت میں اٹھانے کی ضرورت ہے۔
شیخ عبدالماجد نے اقوامِ متحدہ کے جنرل سیکرٹری انٹونیو گوٹیرش اور انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس کی صدر جون ای ڈونوگی سے اپیل کی ہے بھارت کے مختلف جیلوں میں محبوس کشمیریوں کی زندگی کی کوئی ضمانت نہیں بھارت جب چاہتا ہے انہیں موت کے گھاٹ اتارتا ہے دونوں عالمی رہنما ء یاسین ملک اور بھارت کے مختلف جیلوں میں دیگر اسیر کشمیری رہنماؤں کا فی الفور نوٹس لیں اور ان کی زندگی کو تحفظ دیا جائے اور انہیں بین الاقوامی قوانین کے تحت انصاف دلایا جائے۔
انہوں نے نے بھارتی تحقیقاتی ادارے این ائی اے کو جانبدار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خود ساختہ مقدمات، خود ساختہ کورٹ، خود ساختہ ٹرائل اور خود ساختہ فیصلوں سے کشمیریوں کے حوصلوں کو دبایا نہیں جاسکتا اور نہ ہی حق خودارادیت کی آواز کو خاموش کیا جانا ممکن ہے بھارت کے لئے بہتر ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ اور سلامتی کونسل کے قراردادوں کے تناظر میں جلد از جلد حل کیا جائے اور بر صغیر کو امن کا گہوارہ بناکر تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے