میر واعظ عمر فاروق  کی  یاسین ملک کو دی گئی سزا کی مذمت


سری نگر (صباح نیوز)کل جماعتی حریت کانفرنس( میرواعظ )کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق نے یاسین ملک کو دی گئی سزا کی مذمت کی ہے۔

سری نگر میں ایک بیان میں کہا ہے کہ  1994 سے یاسین ملک کشمیر تنازعہ کو پرامن اور جمہوری طریقوں سے حل کرنے کے لیے کوشاں تھے۔ وہ مذاکرات اور مفاہمت پر یقین رکھتے  ہیں  اور چاہتے تھے کہ انڈیا، پاکستان اور کشمیر کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہو۔ انھوں نے کئی دہائیوں سے کشمیر پر ہونے والے مذاکرات میں حصہ بھی لیا ہے۔ یاسین ملک تنازعہ کشمیر کے پرامن اور جمہوری طریقے سے حل کے لیے کوششیں کرتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی جبر کے باوجود کشمیریوں کی طرف سے مکمل ہڑتال جیلوں اور گھروں میں نظربندآزادی پسند قیادت کے ساتھ ان کی محبت کا مظہر ہے۔

میرواعظ عمر فاروق نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے اور کشمیری عوام کی خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے تنازعہ کشمیر کو فریقین کے درمیان گفت و شنید کے ذریعے پرامن طریقے سے حل کرے ۔