اسلام آباد (صباح نیوز)وزارت خزانہ نے آئندہ مالی سال2022-23 کے بجٹ کی تیاری پر کام شروع کردیا ہے۔ ایف بی آر نے انکم ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی تیاری شروع کردی ۔
آئندہ مالی سال کے لئے 1155ارب روپے کے اضافی ٹیکس لگانے کی تجویز ہے۔ آئندہ مالی سال کے لئے ایف بی آر کا ٹیکس وصولی کا ہدف7255ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔
ایک نجی ٹی وی کے مطابق پیٹرولیم لیوی کی مد میں 406ارب روپے کی وصولیوں کی تجویز ہے۔ براہ راست ٹیکسوں کی مد میں 2711ارب روپے اور سیلز کی مد میں 3295ارب روپے کی وصولی کی تجویز ہے۔ جبکہ کسٹم ڈیوٹی کی مد میں 843ارب روپے کی وصولیوں کا ہدف رکھا گیا ہے۔
آئندہ مالی سال کا وفاقی حکومت کا ترقیاتی پروگرام کا بجٹ700ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔ جبکہ دفاع کی مد میں 1586ارب روپے خرچ کئے جانے کی تجویز ہے۔ جبکہ آئندہ مالی سال کے دوران قرض اور قرض پر سود کی ادائیگیوں کی مد میں 3523ارب روپے اداکرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ جبکہ آئندہ مالی سال کے دوران مجموعی اخراجات کا تخمینہ 12994ارب روپے لگایا گیا ہے۔