وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے


بیجنگ (صباح نیوز) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری دو روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کی خصوصی دعوت پر دو روزہ سرکاری کی غرض سے چین پہنچ گئے۔

وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر اور وزارت خارجہ کے اعلی حکام ان کے ہمراہ موجود ہیں۔اس حوالے سے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران وزیر خارجہ اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ وسیع مشاورت کریں گے، دونوں وزرائے خارجہ پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون پر خصوصی توجہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوں کا جائزہ لیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان چین پاکستان اقتصادی راہداری پر پیش رفت، بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو فلیگ شپ پروجیکٹ پر بھی بات چیت ہوگی، دونوں فریقین اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر وسیع پیمانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا دورہ، پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 71 ویں سالگرہ کی مناسبت سے ہے، اسٹیٹ کونسلر وانگ ژی نے بلاول بھٹو زرداری کو وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد کا خط لکھا تھا، دونوں وزرائے خارجہ نے قبل ازیں 11 مئی 2022 کو ورچوئل میٹنگ کی تھی