اسلام آباد(صباح نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی)نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022کی میزبانی کرنے والے شہروں کا اعلان کردیا۔
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا جس کا آغاز آئندہ سال 16اکتوبر سے ہوگا اور ایونٹ 13نومبر تک جاری رہے گا۔
آئی سی سی نے آسٹریلیا کے ان 7شہروں کا اعلان کردیا ہے جہاں ورلڈکپ کے میچز کھیلے جائیں گے۔
آئی سی سی کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 45میچز ایڈیلیڈ، برسبین، جیلانگ، ہوبارٹ، میلبرن، پرتھ اور سڈنی میں کھیلے جائیں گے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا سیمی فائنل 9اور 10نومبر کو سڈنی کرکٹ گرانڈ اور ایڈیلیڈ اوول میں کھیلا جائے گا جبکہ ایونٹ کے فائنل کا میدان میلبرن کے اسٹیڈیم میں سجے گا۔
آئی سی سی کے مطابق آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، افغانستان، انگلینڈ، بھارت، پاکستان اور جنوبی افریقہ آئندہ ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں پہنچنے کے لیے سب سے زیادہ رینکنگ رکھنے والی ٹیمیں ہیں۔
اس کے علاوہ نمیبیا، اسکاٹ لینڈ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز گروپ ون (کوالیفائنگ رائونڈ) کے میچز کھیلیں گے۔