لاہور(صباح نیوز)سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ شاندار ہے، قومی ادارے نے جمہوریت کو بچا لیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کے 25 اراکین پنجاب اسمبلی کو ڈی سیٹ کرنے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری پرویز الہی کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ وفاداریاں بدلنے والوں کیلئے عبرت کا نشان ہے، منحرف اراکین کاااب عوام میں جانامشکل ہوگا۔سب سے پہلے اللہ کاشکراداکرتاہوں۔ اپنے وکلاکی ٹیم اورچیف الیکشن کمشنرکا بھی شکریہ اداکرتاہوں جنہوں نے جمہوریت بچانے کیلئے کرداراداکیا۔ عمران خان کی کوششوں کوبھی سراہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ منحرف ارکان اسمبلی اپنی سوسائٹی اور گھروں میں عبرت کا نشان بن چکے ان کا اب کوئی سیاسی مستقبل نہیں، جہانگیر ترین اور حمزہ شہباز نے بہت پیسہ پھینکا لیکن پیسہ ان کے کوئی کام نہیں آیا۔حمزہ شہباز شریف کے وزیراعلی بننے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ جس کام کی بنیاد ہی غلط ہو جو ریت پر گھر بنایا گیا ہو ان کا یہی حال ہوتا ہے اس میں یہ خود ہی دفن ہوجاتے ہیں اور ان کا نام و نشان مٹ جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اول روز سے کہہ رہا ہوں کہ یہ الیکشن ہی غلط تھا اور یہ حلف بھی غلط تھا اور اب یہ ثابت ہوگیا، آئندہ کا لائحہ عمل یہ ہے کہ اب انہیں اٹھا کر باہر پھینکیں گے ،چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھاکہ پنجاب میں نیا الیکشن ہو گا، الیکشن کمیشن ہمارے 5 نئے ارکان کا نوٹیفکیشن جاری کر دے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کا امیدوار ہوں، اگر عمران خان مجھے کہیں گے تو آدھے گھنٹے میں اسمبلی توڑ دوں گا۔
پرویز الہی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے ان ارکان کو صرف ڈی سیٹ نہیں کیا بلکہ نااہل کر دیا ہے، ان ارکان کی سیاست اب ختم ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے آئندہ اجلاس کی حکمت عملی بنائیں گے، پنجاب اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں الیکشن بھی کرائیں گے۔رہنما مسلم لیگ ق نے کہا کہ ن لیگ کے 7 سے 8 لوگ ابھی ہمارے ساتھ ہیں، وہ جب غیر حاضر ہوں گے تو ان کے مزید لوگ کم ہو جائیں گے