سندھ بھر میں ڈائریا وبا بے قابو، کیسز کی تعداد 2 لاکھ سے متجاوز


کراچی(صباح نیوز)سندھ بھر میں ڈائریا کی وبا بے قابو ہونے کے باعث کیسز کی تعداد 2لاکھ سے تجاوز کرگئی۔

محکمہ صحت سندھ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق سندھ بھر میں ڈائریا کے پانچ سال سے زائد عمر کے 1لاکھ 4ہزار 621کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ دو ماہ میں 2لاکھ 40ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سندھ بھر میں پیچش کے  پانچ سال سے زائد عمر میں 15ہزار 278کیسز جبکہ پانچ سال سے کم عمر کے بچوں میں 11ہزار 425کیسز رپورٹ ہوئے ۔ محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ ڈائریا سے جامشورو میں 1 ،عمر کوٹ میں 1 اور کیماڑی میں 1 شخص جاں بحق ہوا ہے۔اسکے علاوہ  ڈائریا کے کراچی میں ایک دن میں 1372کیسز رپورٹ ہوئے ، کراچی کے ضلع غربی میں ایک روز میں پانچ سال سے کم عمر کے بچوں میں 191کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ نے کہا کہ ضلع جنوبی میں  پانچ سال سے کم عمر کے 162 جبکہ پانچ سال سے زائد کے 307 کیسز رپورٹ  ہوئے ہیں۔محکمہ صحت سندھ نے مزید بتایا کہ مجموعی طور پر 2 ماہ میں کراچی میں 40 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہیں۔

پروفیسر جمال رضا اور ڈاکٹر آفتاب نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ شہریوں کو چاہیے کہ سب سے پہلے گھر میں آنے والے پانی (چاہے لائن کا ہو یا باہرسے آرہا ہو)کو ابال لیں، دوسری سب سے اہم بات واش روم جانے کے بعد اور کھانا کھانے سے پہلے ہاتھوں کو ضرور دھوئیں۔اگر کسی برتن میں پرانا پانی ذخیرہ کیا ہوا ہے تو وہ نکال کر تازہ پانی بھر لیں، باہر سے لایا ہوا سلاد یا پھل، سبزیاں انہیں صاف پانی سے دھوئیں، گھر سے بازاری رائتہ اور چٹنی کھانے سے گریز کریں، حتی کہ ایک دن پرانا کھانا کھانے سے بھی گریز کرنا چاہیے۔ بازاری اشیا کھانے سے گریز کریں ۔