الیکشن کمیشن پنجاب کے منحرف ارکان سے متعلق فیصلہ کل سنائے گا، متعلقہ فریقین کو نوٹسز جاری


اسلام آباد(صباح نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان پی ٹی آئی  کے 25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کے متعلق ریفرنس کا فیصلہ  کل جمعہ کو تین بجے سنائے گا۔

الیکشن کمیشن نے متعلقہ فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے۔ منگل کے روز تین رکنی کمیشن نے سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔آخری سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے موقف اپنایا تھا کہ پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اجلاس عمران خان نے وزارت اعلی کیلئے پرویز الہی کو امیدوار کا اعلان کیا تاہم منحرف اراکین نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی اور مخالف امیدوار کو ووٹ دیا۔منحرف اراکین کے وکلا وکیل جاوید ملک اور دیگر نے کہا تھا کہ کاغذات نامزدگی اور جواب الجواب میں عمران خان کے دستخط مختلف ہیں ۔ دستخط مختلف ہونے سے ان کی بدنیتی ثابت ہوتی ہے۔

الیکشن کمیشن ریفرنسز خارج کرے۔الیکشن کمیشن کے پاس فیصلہ سنانے کے لیے  جمعہ کو آخری دن ہے کیونکہ الیکشن کمیشن ارکان کے خلاف ریفرنس پر تیس روز میں فیصلہ سنانیکا پابند ہے۔خیال رہیکہ  پی ٹی آئی کے منحرف ارکان اسمبلی نے وزیراعلی پنجاب کے انتخاب میں حمزہ شہباز کو ووٹ دیا تھا جس کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے 25 منحرف اراکین کے خلاف ریفرنس بھیجا گیا  تھا۔

دوسری طرف سپریم کورٹ آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق رائے دے چکی ہے۔ جس کے مطابق آرٹیکل 17 کے تحت سیاسی جماعتوں کے حقوق ہیں، انحراف کرنا سیاسی جماعتوں کو غیر مستحکم اور پارلیمانی جمہوریت کو ڈی ریل کر سکتا ہے۔ جمہوری نظام کی بنیاد ہیں، آرٹیکل 63 اے کا مقصد ارکان کو انحراف سے روکنا ہے، منحرف ارکان کا ووٹ نہیں گنا جائے گا۔