این اے 52کا ورکر کنونشن ، متعدد افراد کا جماعت اسلامی میں شمویت کا اعلان


اسلام آباد(صباح نیوز)جماعت اسلامی کے زیر اہتمام اسلام آباد کے انتخابی حلقہ این اے 52 کے ورکر کنونشن گزشتہ روز منعقد ہوا جس میں این 52کے دیہی اور شہری علاقے سے بڑی تعداد میں ارکان کارکنان اور موثر افراد نے شر کت کی، ورکر کنونشن میں متعدد افراد نے پی ٹی آئی ، مسلم لیگ ن کو خیر آباد کہہ کر جماعت اسلامی میں شمویت کا اعلان کیا

ورکر کنونشن سے جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اور این اے 54سے اُمیدوار میاں محمد اسلم ، جماعت اسلامی پنجاب کے امیر ڈاکٹر طارق سلیم ، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رندھاوا ، گروپ لیڈر این 52ملک عبدالعزیزسمیت ناظمین یونین کو نسل بلدیاتی اُمیدواروں نے خطاب کیا ۔

کنونشن سے خطاب کر تے ہو ئے میاں محمد اسلم نے کہا  اسلام آباد کے منتخب نمائندوں کے ہو تے ہو ئے اسلام آباد کی عوام حق نمائندگی سے محروم ہے ، عوام نے جن لو گوں کو ووٹ دے کر اپنانمائندہ منتخب کیا انھوں نے منتخب ہو کرلو گوں کی تر جمانی کر نے کی بجائے قوم کی امنگوں کا خون کیا ،دارالحکومت کے سیکٹرز بالعموم اور دیہی علاقے بلخصوص مسائل کی آماجگاہ بن گئے ہیں۔منتخب ہو کر اسلام آباد کی ترقی کے سفر کو دوبارہ شروع کر یں گے، اسلام،پاکستان اور عوامی خدمت ہمارابنیادی مشن ہے ، شہر کا بڑا مسئلہ تعلیمی اداروں کی قلت اور تعلیمی سہولیات کا نہ ہوناہے اقتدار میں آکر ہر سیکٹر میں ماڈل تعلیمی ادارے قائم کریں گے

پانی جیسا بنیادی مسئلہ حل کرانے کے لیے دیہی علاقے سی ڈی اے کے عتاب و عدم توجہ کا شکار ہیں، انھوں نے کہاعوام آئندہ انتخابات میں دیانتدار قیادت کا انتخاب کر کے اپنی 73 سالہ محرومیوں کا بدلہ لے سکتے ہیں ۔ پاکستان وسائل سے مالا مال محنتی لوگوں کا ملک ہے لیکن ڈاکوئوں نے اسے یرغمال بنا یا ہواہے,ملکی ترقی و خوشحالی اور قومی وقار کی بحالی کے لیے عوام کو آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی کے دیانتدار اور باکردار لوگوں کو منتخب کرنا ہوگا۔

ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا  ملک میں چوروں اور لٹیروںسے نجات کے ذریعے ہی تبدیلی آسکتی ہے اور قیادت کے تبدیلی کے بغیر انقلاب نہیں آسکتا ، قوم ملک میں تبدیلی چاہتی ہے تو جماعت اسلامی کو ووٹ دے ، انتخابات میں صحیح نمائندوں کا انتخاب ووٹرز کے اذہان و قلوب کا امتحان ہے جماعت اسلامی برسر اقتدار آکر لوٹ کھسوٹ ، بدعنوانی کا سدباب اور جرائم کی بیخ کنی کریگی

انھوں نے کہا گزشتہ 73سالوں سے برسراقتدار طبقے نے ایک دوسرے سے بڑھ چڑھ کر قوم کوجن مسائل سے دو چار کیا ہے اب وقت آگیا ہے کہ قوم دیانت دار قیادت کا انتخاب کر کے ظلم کی اس رات کی سحر کر دے۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا این اے 54 کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے پورا حلقہ مسائلستان کا منظر پیش کر رہا ہے۔

نصر اللہ رندھاوا نے کہا جماعت اسلامی نے اسلام آباد کے شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے 13نکاتی چارٹر آف اسلام آباد تیار کیا ہے جسے بھر پور عوامی قوت سے نافذ کروائیں گے ،جب تک دیانتدار اور قوم سے مخلص لوگ برسراقتدار نہیں آئیں گے ، ملک کے حالات نہیں بدل سکتے اسی لیے ہم نے فیصلہ کیاہے کہ آئندہ کسی سے اتحاد کرنے کی بجائے اپنے انتخابی نشان اور اپنے پرچم تلے انتخابات میں جائیں گے

انھوں نے کہا جماعت اسلامی کے اُمیدوار این 52 سے جیت کر تر قی کا سفر دو بارہ وہیں سے شرو ع کر یں گے جہاں چھوڑا تھا، آئندہ انتخابات میں رسہ گیروں اور کرپشن کے پروردہ لوگوں کار استہ روکنے کے لیے آخری حد تک جائیں گے ۔