لاہور(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ ملکی خود مختاری چھیننے پر خاموش نہیں بیٹھیں گے، عمران خان مرجائیں گے لیکن کسی کی غلامی قبول نہیں کرینگے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے لاہور بار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وکلا سے سوال کیا کہ پاکستان کیلئے ہرطرح کی قربانی دینے کوتیارہو؟ جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہرطرح کی قربانی دینے کوتیار ہیں۔
علی محمد خان نے کہا ہے کہ عوام ووٹ سے فیصلہ کریں گے ملک عمران نے چلانا ہے یا شہباز نے، عمران خان مرجائیں گے لیکن کسی کی غلامی قبول نہیں کرینگے، یہ عمران خان اورسیاست کی نہیں پاکستان کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی خود مختاری چھیننے کی کوشش کروگے توخاموش نہیں بیٹھیں گے، عمران خان کو ہٹانے کیلئے واشنگٹن سے مراسلہ آیا، اسلام آباد کے فیصلے واشنگٹن میں کئے جائیں توبرداشت نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہماری ماں جیسا ہے، ہم ماں کی بے حرمتی برداشت نہیں کرسکتے، قائداعظم نے قلم کی طاقت سے پاکستان بنایا تھا۔