نگراں وزیراعظم کے لئے معیشت دانوں کے انٹرویو ہورہے ہیں،شیخ رشید


راولپنڈی(صباح نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ  اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعظم کے لئے معیشت دانوں کے انٹرویو ہورہے ہیں۔

راولپنڈی ہائیکورٹ بنچ میں سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ حکومت کے پاس ایک ووٹ کی اکثریت ہے جو قائم نہیں رہ سکتی۔ نگراں وزیراعظم کے لئے معیشت دانوں کے انٹرویو ہورہے ہیں۔ ادارے بے خبر نہیں باخبر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے انہیں وہاں مارا ہے جہاں پانی نہ ملے۔ہرگزرتے دن کے ساتھ ان کی مشکلات میں اضافہ ہوتا جائے گا یہ حکومت زیادہ دیرقائم نہیں رہ سکتی۔یہ ہنڈیا بیچ چوراہے پھوٹے گی، ایف آئی اے کو شہباز، حمزہ اور زرداری کے کیسز واپس لینے کا کہا جا رہا ہے، ایف آئی اے پراسیکیوٹر عدالتوں میں کہیں گے کہ کیس نہیں لڑنا چاہتے، 31 مئی سے پہلے فیصلے آجائیں گے، یہ اداروں سے ایک سال کی گارنٹی کی بھیک مانگ رہے ہیں۔ ساری قوم عمران خان کے ساتھ ہے، عمران خان نے سندھ الیکشن مہم خود چلانے کا فیصلہ کیا ہے،ملتان جلسے میں عمران خان لانگ مارچ کی کال دیں گے۔

قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ نے سابق وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کی عبوری ضمانت میں 6 جون تک توسیع کردی گئی۔

عدالت نے شیخ رشید کو آئندہ تاریخ تک گرفتار اورہراساں نہ کرنے کا بھی حکم دیا۔عدالت نے آئندہ سماعت میں تھانہ اٹک اورتھانہ مدینہ ٹاؤن فیصل آباد کا مکمل ریکارڈ طلب کرلیا۔