لاہور + مری (صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے مری کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے مری میں خلاف ضابطہ عمارتوں کی تعمیر پر برہمی کا اظہار کیا اور غیر قانونی تعمیرات کے بارے میں رپورٹ طلب کی۔
وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے مری میں شہری سہولتو ں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال مری کا دورہ کیا اور ایمرجنسی، آئی سی یو، او پی ڈی و دیگر وارڈز کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے مریضوں کی عیادت کی اور ان سے علاج کے بارے میں دریافت کیا۔
وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے بچہ وارڈ کا بھی دورہ کیا اور بچوں سے مصافحہ کیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے حفاظتی ٹیکہ جات کے مرکز میں ڈاکٹر کی موجودگی یقینی بنانے اور عملہ بڑھانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہبازنے ہسپتال میں صفائی کی صورتحال کا مشاہدہ کیا اور صفائی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی کو دور کیا جائے گا اور ڈائلسیز مشینوں کو بھی بحال کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے ہدایت کی کہ مریضوں کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے ہسپتال کے برآمدے میں بیٹھے بچوں سے باری باری مصافحہ کیا اور ان سے شفقت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے بچوں کے والدین سے ان کی تعلیم اور صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے بچوں کے ساتھ باتیں کیں۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے ہسپتال کے اطراف میں بے ہنگم تجاوزات پر اظہار برہمی کرتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا۔ ماجد ظہور،عمران گورایہ، کمشنر راولپنڈی ڈویژن، آر پی او راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازکی زیر صدارت گورنمنٹ ہاؤس مری کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے مری میں پانی کو دوبارہ استعمال کرنے کا پلان طلب کر لیا۔ واٹر ری یوز پلان سے مری میں پانی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کا مری میں غیر قانونی عمارتو ںکی تعمیر کے معاملے کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے بغیر نقشے اور اتھارٹی کی اجازت کے بغیر بننے والی عمارتوں کی تفصیل طلب کر لی۔
وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے اقبال لائبریری کی بحالی اور ایکسپریس وے کی تعمیر و مرمت کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ واکنگ سٹریٹ اور پنڈی پوائنٹ کو بھی درست حالت میں بحال کیا جائے اور مری میںرابطہ سڑکوں ، سٹریٹ لائٹس کی بحالی اوربیوٹیفکیشن کا کام جلد مکمل کیا جائے ۔ صفائی اورسالڈ ویسٹ مینجمنٹ پر خصوصی توجہ دی جائے اور مری میں میونسپل سروسز اورانفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مری کے جنرل بس سٹینڈ کی بحالی کا کام جون تک مکمل کیا جائے۔مری میں ٹورسٹ کاؤنٹ اورٹریفک انفارمیشن کیلئے ایس ایم بی لگائی جائیں اور مری کا آن لائن پورٹل بہت جلد فعال کیا جائے۔
وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ کسی بھی ناگہانی آفت سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم اے اورٹورازم ڈیپارٹمنٹ کنٹرول روم قائم کئے جائیں۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے مری امپورمنٹ پلان کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کو مری کے بیوٹیفکیشن پلان پر پیش رفت سے آگا ہ کیاگیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ گزشتہ 4 برس کے دوران میں 600 عمارتیں تعمیر ہوئیں اور بعض عمارتیں بغیر نقشے کے بنائی گئیں۔ ماجد ظہور، عمران گورایہ، کمشنر راولپنڈی ڈویژن،آرپی او راولپنڈی،سی پی او راولپنڈی،ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
علاوہ ازیں وزیر اعلی پنجاب محمدحمزہ شہبازنے خوشاب مندیال ٹاؤن، جوہر آباد میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے ہدایت کی ہے کہ ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کی گرفت میں لایا جائے اور مقتولین کے لواحقین کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے قبل ازیں
وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کا دورہ مری، مال روڈ پر کارکنوں کا والہانہ استقبال
وزیراعلیٰ حمزہ شہباز مال روڈمری پہنچے تو انہیں دیکھ کر مسلم لیگ (ن) کے کارکن جمع ہو گئے۔ کارکنوں نے تالیاں بجا کر حمزہ شہباز کا والہانہ استقبال کیا۔ کارکنوں نے ”دیکھو دیکھو کون آیا… آیا آیا شیر آیا” اور ” حمزہ شہباز زندہ باد” کے نعرے لگائے۔
وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے ہاتھ ہلا کر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیا اور کارکنوں میں گھل مل گئے۔ کارکن وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی گاڑی کے ساتھ چلتے رہے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی گاڑی آہستہ آہستہ چلتی ہوئی تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پہنچی۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کارکنوں کو ہسپتال میں آنے سے روک دیا اور کہا کہ یہ مریضوں کیلئے پریشانی کا باعث ہوگا