جاوید قصوری صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی،مولانا نصیر نورانی سیکرٹری جنرل مقرر


لاہور (صباح نیوز )ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی کی تنظیم نو کے حوالے سے اہم اجلاس صدر ملی یکجہتی کونسل پاکستان صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کی زیر صدارت صوبائی دفتر منصورہ میں منعقد ہوا ۔

اجلاس میں اہم فیصلے کئے گے ۔ محمد جاوید قصوری کو صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی، مولانا نصیر نورانی کو سیکرٹری جنرل، سبطین سبزواری کو سینئر نائب صدر ،محمد ادریس فاروقی ،امتیاز عباس کاظمی ،مولانا عبدالمالک ، حسن فاروقی ، سید علی رضا،برہان الدین عثمانی ، حسن رضا کاظمی ، علی رضا اویسی ،عثمان شاکر ،میاں عبدلمجید کو نائب صدور ،قاری عبدالشکور ، نوید زبیری ،محمد ارشد اویسی ،انجم رضا ترمذی ،مرزا تجمل بیگ و دیگر کو ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور محمد فاروق چوہان کو ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی کا سیکرٹری اطلاعات مقرر کر دیا گیا ۔

ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی نے خطابات جمعہ کمیشن ، مصالحتی کمیشن ،علمی تحقیقی کمیشن، مالیاتی کمیٹی اور دیگر صوبائی ذمہ داران کا بھی اعلان کر دیا ۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے ورلڈ بنک کی ہدایت پر مذہبی جماعتوں کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے ۔انتشار پیدا کر کے حکومت اپنے پائوں پر کلہاڑی مارے گی ۔حکمران ہر محا ذ پر ناکام دکھائی دیتے ہیں ۔ مہنگائی بے روز گاری اور لاقانونیت میں اضافہ عوامی مسائل ہیں جن کو ترجیحی بنیادوں پر حل ہونا چاہئے ۔ تحریک لبیک پر پابندی ختم اور وعدوں پر عمل درآمد کیا جائے ۔ حکومت کی مسلسل وعدہ خلافیوں کے خلاف 31اکتوبر کو اسلام آباد میں  فقید المثال مظاہرہ کریں گے ۔

صدر ملی یکجہتی کونسل پاکستان صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ حکومت نے پکڑ دھکڑ کا جو سلسلہ شروع کر رکھا ہے وہ فوری ختم کرئے ۔ عمران خان نے کہا تھا کہ احتجاج کو خود استقبال کروں گا تو اب ہما را استقبال کرنے سے کیو ں گھبراہتے ہیں ؟سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کو سیکولر ملک بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ تمام مذہبی و دینی جماعتیں پاکستان کے اسلامی تشخص کو پامال نہیں ہونے دینگی۔

محمد جاوید قصوری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی کے زیر اہتمام 6نومبر کو عظیم الشان سمینار منعقد کریں گے ۔ حکومت نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا ۔پاکستان کے لئے بڑے چیلنجز ہیں ۔ پاکستان نے کرکٹ میچ میں بھارت کو شکست دی تو کشمیر میں اس کا بھر پور انداز میں جشن منایا گیا ۔موجودہ حکمرانوں نے پاکستان کو عملا مسائلستان  بنا دیا ہے ۔مہنگائی کا جن بے قابو ہے ۔ کو ئی 22کروڑ عوام کو کوئی پرسان حال نہیں ۔