ملعون ڈچ سیاستدان کی توہین آمیز ٹویٹس کے خلاف حکومت کو موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کا خیر مقدم کرتے ہیں، جاوید قصوری 


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ملعون ڈچ سیاستدان گیرٹ ویلڈر کی توہین آمیز ٹویٹس کے خلاف حکومت کو موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔حکومت سو شل میڈیا پر گستاحانہ مواد کی تشہیر کے خلاف عدالتی احکامات پر عمل درآمد کو ہر صورت میں یقینی بنائے ۔وزارت آئی ٹی کو اس قسم کے عمل کی روک تھام کے سخت ترین مانیٹری پالیسی وضع کرنا چاہئے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ توہین رسالت ناقابل برداشت اقدام ہے ، اس پر دنیا بھر کے مسلمان اپنا تن من دھن سب کچھ قربان کرنے کیلئے ہر وقت تیار کھڑے ہیں۔ محبت رسول مسلمانوں کے لئے سب سے بڑا قیمتی اثاثہ ہے ۔صہیونی قوتوں کو مسلمانوں کے جذبات سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ۔

انہوں نے کہا کہ توہین رسالت کے واقعہ سے مسلمانوں کے دل زخمی، مجروح،کرب ، اور ڈیڑھ ارب مسلمان ذہنی اذیت کا شکار ہوئے ہیں۔ اگر کوئی شخص کسی کو فزیکلی نقصان پہنچائے تو اسے دہشت گرد کہا جاتا ہے لیکن اگر کوئی اپنے ایکشن اور فعل کے ذریعے دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کو ذہنی اذیت میں مبتلا کرے تو اُسے نہیں جرم نہیں سمجھا جاتا بلکہ اظہار رائے کی آزادی کے پرچم تلے مغرب میں تحفظ فراہم کیا جاتا ہے، یہ دوہرا معیار ہے اور جب تک دنیا میں اس طرح کے دوہرے معیار ختم نہیں ہوں گے دنیا میں امن’ چین اور سکون قائم نہیں ہو سکتا ۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ دشمن قوتیں وقتا فوقتا مسلمانوں میں جذبہ ایمانی کو چیک کرنے کی غرض سے اس قسم کے گھناونے اقدامات کرتے رہتے ہیں ۔ توہین رسالت کو روکنے کے لئے عالمی سطح پر موثر قانون سازی کرنی ہو گی ۔آزادی اظہار رائے کی آڑ میںکسی کو بھی مقد س ہستیوں کی توہین کرنے کا عمل نا قابل معافی قرار دیا جانا چاہئے ۔