ملی یکجہتی کونسل اجلاس میں سود کے حوالے سے عدالتی فیصلہ،کشمیر،فلسطین کی صورتحال پر لائحہ عمل دینگے ،لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز) ملی یکجہتی کونسل کی مجلس قائدین(سپریم کونسل) کا اجلاس کل( پیر) کو اسلام آباد میں ہوگا ۔

نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ملی یکجہتی کونسل کی مجلس قائدین(سپریم کونسل) کا اہم اجلاس(کل) 16 مئی بروز پیر اسلام آباد میں ہوگا ،صاحبزادہ ابوالخیر زبیر صدارت کریں گے مرکزی قائدین سراج الحق، علامہ ساجد نقوی، پیر سید ہارون گیلانی، خواجہ معین الدین احمد محبوب کوریجہ، علامہ عباس ناصر، سید ثاقب اکبر، حافظ عبدالغفار روپڑی، علامہ زبیر ظہیر، سید ضیا اللہ شاہ، پیر عبدالرحیم نقشبندی، مولانا اللہ وسایا، علامہ عارف واحدی، رضیت باللہ، ناصر شیرازی اور دیگر رہنما شرکت کریں گے

لیاقت بلوچ نے کہا کہ مرکزی قائدین اجلاس میں دینی جماعتوں کے قائدین، مرکزی رہنما ملکی سیاسی محاذ پر ملی تہذیبی اقدار کی پامالی کے سدباب، حالات کے سدھار، وفاقی شریعی عدالت کا انسداد سود کا تاریخ ساز فیصلہ، کشمیر، افغانستان، فلسطین کی صورت حال اور اسلامیان پاکستان کی ذمہ داری، ملک کی مجموعی معاشی صورت حال، غریب عوام کی زبوں حالی، دیوالیہ ہونے کے خطرات اور ملک میں قرآن و سنت، آئین سے متصادم قانون سازی کے خاتمہ کے لیے لائحہ عمل دیں گے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل نے 1995 میں دینی، مسلکی محاذ، مساجد، مدارس، خانقاہوں، امام بارگاہوں پر مسلط فرقہ پرستی قتل و غارت گری، انتہا پسندی، دہشت گردی کے سدباب کے لیے مولانا شاہ احمد نورانی، قاضی حسین احمد، مولانا سمیع الحق، علامہ سید ساجد علی نقوی، پروفیسر ساجد میر اور دیگر اکابر کی قیادت میں بھڑکتی اور سب کو نگلتی آگ کو ٹھنڈا کیا،ماضی میں قرارداد مقاصد، علما کے 22 نکات، آئین پاکستان کی اسلامی شقوں اور عقیدہ ختم نبوت، تحفظ ناموس رسالت کے لیے تاریخ ساز کردار ادا کیا، موجودہ حالات خصوصاً سیاسی قومی محاذ پر اغیار، عالمی استعماری اداروں کی مداخلت، ملک و ملت کی بے بسی، سیاسی جلسوں میں لفظی بدتہذیبی، بداخلاقی کی وجہ سے گھر گھر، گلی گلی اشتعال، انتہا پسندی، شدت اور عدم برداشت کی آگ کا ایندھن بنتی قوم کے بچاؤ کے لیے دینی اکابرین، زعماء ملت مثبت تعمیری دینی اور قومی کردار ادا کریں گے۔