شہباز شریف کھوکھلے نعرے لگانے کی بجائے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کریں،محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف محض کھوکھلے نعرے لگانے کی بجائے حقیقی معنوں میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کریں۔ رمضان المبارک اور عید گزرنے کے باوجود اشیاء خوردونوش کی قیمتیں کم نہیں ہور ہیں۔ مرغی کا گوشت 475روپے فی کلو ہوچکا ہے۔ سبزیاں ، پھل اور دیگر اشیاء بھی عوام کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ رور مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام پاکستان کی معاشی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ حکومت اگر کرپشن اور منی لانڈرنگ کو روک لے تو اسے کشکول اٹھا کر دنیا کے سامنے پھرنے کی ہزیمت سے نجات مل سکتی ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان قوم کو خود مختاری کا درس تو دیتے نہیں تھکتے مگر حقیقت یہ ہے کہ انہوں نے قوم کو آئی ایم ایف کا غلام اور دنیا کے سامنے بھکاری بنادیا ہے۔

انہوں نے کہ عوام کو درپیش مسائل ان کی دہلیز پر حل ہونے چاہییں۔ مگر بد قسمتی سے جو بھی حکومت آئی ، اس نے عوام کو مایوس ہی کیا ہے۔عوامی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔ 22کروڑ عوام نے مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کو آزمالیا ہے۔ اب ان سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پنجاب کی جیلیں گنجائش سے 38فیصد زائد بھر چکی ہیں۔ 42فعال جیلوں میں 36ہزار قیدی و حوالاتیوں کی گنجائش ہے جبکہ 50ہزار سے زائد افراد رکھے گئے ہیں۔ قیدیوں میں ایڈز کے 272، ہیپاٹائٹس کے 137اور دیگر موذی بیماریوں کے 59قیدی ہیں۔ قیدیوں کو صحت کی سہولیات اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے