بدین(صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری امیر العظیم نے العباس ھال بدین میں جماعت اسلامی ضلع بدین کے زیر اہتمام عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کا راز کلمہ طیبہ کی بنیاد پر مشتمل ہے جبکہ اس ملک کے کو بحران سے نکالنے کے لیے واحد حل نظام مصطفی کے نفاذ میں ہے ۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی او ر امیر ضلع بدین سید علی مردان شاہ بھی موجود تھے ۔امیر العظیم نے کہاکہ حکومتیں بار بار تبدیل ہوتی رہیں لیکن عوام کے حالات تبدیل نہیں ہو ئے جوکہ ہر گذرتے دن کے ساتھ بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔ پہلے تبدیلی کے نام پر آنے والے حکمرانوں نے عوام سے بہت بڑا دھوکا کیا عوام کی روزمرہ کی زندگی کا جینا دوبھر کردیا ملک کے زیادہ تر غریب لوگ دو وقت کی روٹی کھانے سے محروم ہوچکے ہیں اور اب بعد میں آنے والے حکمران بھی صرف چہرے تبدیل کرنے کی مشق کررہی ہیں انہوں نے پہلے بھی حکومتیں کیں ملک اور کی لوٹ مار کرنے کے سوا انہوں نے کوئی بھی کام نہیں کیا۔ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا راز مدینہ کی ریاست کے نظام میں مضمر ہے جو کہ حقیقی معنوں میں لوگوں کی زندگیاں تبدیل کرسکتی ہے۔تحریک انصاف نام تو ریاست مدینہ کا لیتی رہی لیکن کام اس کے برعکس کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی صاف شفاف جمہوریت اور نظام حکومت میں یقین رکھتی ہے ہم لوٹوں اور نوٹوں کی سیاست سے بہت دور ہیں انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہیے کہ وہ اپنی قسمت تبدیل کرنے کے لیے صاف شفاف کردار کے حامل لوگوں کو منتخب کریں۔جماعت اسلامی ملک میں حقیقی معنیٰ میں نظام مصطفی ۖ ٰ قائم کرنے میں یقین رکھتی ہے جس میں حکمران اور رعایا کی اونچ نیچ اور طبقاتی تفاوت کی کوئی گنجائش نہیں۔ وفاقی شرعی کورٹ نے جو سود کے خلاف جماعت اسلامی کی درخواست پر فیصلہ دیا ہے اس پر اگر عمل درآمد کیا جائے تو اس ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے۔
عید ملن پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ممبر قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا کہ سندھ میں گذشتہ کئی سالوں سے ایک نااہل حکومت نام نہاد جمہوریت کے نام پر قائم ہے جس نے یہاں کے ہر ادارے کو تباہ کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی، صوبہ کی بہت بڑی آبادی کا واحد ذریعہ معاش زراعت بلکل تباہ ہوچکی ہے پانی صرف مخصوص وڈیروں کی زمینوں کو سیراب کرتا ہے غریب عوام کو پینے تک کا پانی دستیاب نہیں۔ صوبے بھر کے روڈ اور ڈرنیج کے سسٹم تباہ ہوچکے ہیں یہاں کے لوکل ادارے مقامی وڈیروں کے اے ٹی ایم بنے ہوئے ہیں۔
جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیرسید علی مردان شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کی امیدوں کا مرکز ہے ہم حکومت میں نہیں نظام بدلنے میں دلچسپی رکھتے ہیں یہ لوٹ کھسوٹ کا نظام زیادہ وقت قائم نہیں رہ سکتا انہوں نے کہا کہ حکمران محلاتوں کے مکین ہیں ان کے بچے بیرون ملک مہنگے مہنگے اداروں میں تعلیم حاصل کرتے ہیں جبکہ یہاں غریبوں کے بچوں کو تعلیم کے لیے اسکول کی چھت بھی دستیاب نہیں۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں بدین کے نواحی علاقے میں ایک مخدوش اسکول اچانک منہدم ہونے سے ایک معصوم بچہ اجل کا شکار ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں میں کچھ بھی شرم و حیا ہوتی تو وہ اس واقعہ پر مستعفی ہوجاتے مگر یہاں پر کچھ بھی نہیں ہوا کیونکہ مرنے والا ایک غریب کا بچہ تھا۔ پروگرا م میں بدین کے کئی شہریوں، صحافیوں ، تاجروں، وکلاء سمیت کئی مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔