کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی کراچی کے دفتر ادارہ نورحق میں عید الفطر کے موقع پرجماعت اسلامی کے مرکزی ،صوبائی اورکراچی کے ذمہ داران نے کارکنان ودیگر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے عید ملن میں ملاقات کی اور عید کی مبارکباد دی ۔ عید ملن میں نائب امراء جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو،راشد نسیم ،ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ،جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے امیر محمد حسین محنتی،امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن،نائب امراء کراچی راجا عارف سلطان،ڈاکٹر اسامہ رضی،مسلم پرویز،اسحاق خان ،عبد الوہاب ،ڈاکٹر واسع شاکر، انجینئرسلیم اظہر،سکریٹری کراچی منعم ظفر خان ڈپٹی سکریٹریز کراچی راشد قریشی،عبد الرزاق خان،نوید علی بیگ،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ،امراء اضلاع سمیت دیگر رہنماو ذمہ داران اور کارکنان شریک ہوئے ۔
اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی کی طرف سے کراچی، سندھ اور اہلیان پاکستان کو دل کی گہرائیوں سے عید کی مبارک باد پیش کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ آنے والا وقت عوام کی بہتری کا ثابت ہو۔بد قسمتی سے حکمران اقتدار میں آنے کے بعد کشکول اٹھاکر آئی ایم ایف کے پاس چلے جاتے ہیں،آئی ایم ایف کی غلامی اور ان کے احکامات پر فیصلے کیے جاتے ہیں جس کی وجہ سے ملک میں آئے روز مہنگائی کا شدید طوفان آتا ہے، آثار بتا رہے ہیں کہ آنے والے دنوں میں نئی حکومت بھی عوام پر پیٹرول بم گرائے گی جس سے مزید مہنگائی و بے روزگاری مزید اضافہ ہو گا ۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ 30سال سے کراچی کے عوام تعصب ولسانیت کی بھینٹ چڑھتے رہے پی ٹی آئی کے ایم این ایز اور ایم پی ایز نے کراچی کے کسی بھی مسئلے پر کبھی آواز نہیں اٹھائی، بلکہ ہمیشہ کراچی دشمن فیصلے کیے اور صرف شو پیس ثابت ہوئے۔ لیکن اب کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کا شہر اپنی اصل کی جانب لوٹ رہا ہے ،شہریوں میں شعور بیدار ہوا ہے ،جماعت اسلامی بہت جلد ”حقوق کراچی تحریک ”کے اگلے مرحلے کا اعلان اوربلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھرپور رابطہ عوام مہم شروع کرے گی ،گھر گھر جاکر عوام سے رابطے کیے جائیں گے ۔
انہوں نے مزید کہاکہ تمام حکومتی جماعتیں کے الیکٹرک جیسے مافیا کی سرپرستی کرتی آرہی ہیں، جس کی وجہ سے عید کے پرمسرت موقع پر بھی شہر کراچی میں اکثر علاقوں میں لوڈ شیڈنگ جاری رہی ،وزیر اعظم شہباز شریف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کے الیکٹرک کا فارنزک آڈٹ کیا جائے ،فوری طور پر لائسنس منسوخ کیا جائے، کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کی درست مردم شماری کروائی جائے اور نئی مردم شماری کی بنیاد پر حلقہ بندیاں قائم کر کے بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں ،کے فور منصوبے پر فوری عمل درآمد کروایا جائے ۔
امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ جماعت اسلامی کو جب بھی موقع ملا عوام کی خدمت کی ہے اورآئندہ بھی کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے ریکارڈ ترقیاتی کام کروائیں گے ۔دریں اثناء اس موقع پر میں جماعت اسلامی اقلیتی ونگ کے رہنماء یونس سوہن ایڈووکیٹ کی زیر قیادت اقلیتی نمائندوں کے وفد نے بھی شر کت کی اورحافظ نعیم الرحمن و دیگر سے ملاقات کی۔وفد میں جنرل سکریٹری پرویزبرکت ،نائب صدر منارٹی ونگ سیموئیل نذیر،صدر کیماڑی سلیم منظور،صدر ایسٹ اشرف مسیح، صدر سینٹرل ارشد بوٹا،صدر شمالی شہباز گِل،صدر گلبرگ ذیشان سلامت،پادری امجد فاروق،پادری نقاش عباس، پادری عامر بوٹا،پادری بابر مسیح، پادری افضل مسیح و دیگر شامل تھے۔