اسلام کا نظام ہی امریکہ سے لیکر پاکستان تک تمام مسائل کا حل ہے، راشد نسیم


کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی کے نائب امیر راشد نسیم نے کہا ہے کہ انسانیت دین فطرت کی طرف بڑھ رہی ہے اور اسلام کا نظام ہی امریکہ سے لیکر پاکستان تک تمام مسائل کا حل ہے ۔آخر کاردین فطرت نے ہی غالب آنا ہے اور پوری دنیا میں خصوصی طور پر نوجوانوں کا اسلام کی طرف راغب ہونا اسی بات کی طرف اشارہ ہے ۔ انسانیت ،تاریخ انسانی کے ایک فیصلہ کن دور میں داخل ہوگئی ہے ۔ وہ وقت دور نہیں جب اللہ کا دیا نظام پوری دنیا پر غلبہ حاصل کرے گا ۔ جماعت اسلامی قرآن و سنت کے نظام کو نافذ کرنے کے لیے گزشتہ 8دہائیوں سے پرامن  جدوجہد کررہی ہے ۔

ان خیا لات کااظہار انہوں نے گلشن اقبال کراچی میں مقامی مسجد میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔    راشد نسیم نے کہا کہ گزشتہ سال میں دنیا بھر میں معجزاتی واقعات رونماں ہوئے ہیں جو اس بات کی طرف رہنمائی کرتے ہیں کہ طاغوت اورسامراجی طاقتوں کے قدم اب اگے بڑھنے کی بجائے پیچھے ہٹ رہے ہیں ۔ 15اگست کو امریکہ اپنے 44حواریوں سمیت افغانستان جیسی کمزور قوم سے شکست کھا کر کابل سے نکلا اور کابل ایئرپورٹ پر امریکی فوجیوں کا سامان کباڑیے کی دکان کا منظر پیش کررہا تھا ۔ایک سال قبل رمضان کے مہینے میں فلسطینیوں نے اسرائیلیوں کے دانت کٹھے کئے ۔ بڑی تعداد میں شہادتوں کے باوجود فلسطینیوں کے حوصلے بلند نظر آرہے تھے اور مورال آسمان تک تھا ۔ انہوں نے کہا انڈیا میں مسکان نامی لڑکی ظلم کے خلاف ڈٹ کر کھڑی رہی اور مسکان کو اللہ تعالی نے چندگھنٹوں میں امت مسلمہ کی آنکھوں کا تارہ بنا دیا ۔اللہ اکبر کے نعر ے کے ساتھ نہتی لڑکی نے ہندو غنڈوں کامقابلہ کیا۔ وطن عزیز میں 26رمضان کو سود کے حوالے سے اہم فیصلہ سننے کو ملا اور یہ پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم واقعہ تھا ۔ ایسے ہی بہت سارے اور واقعات جو اس طرف اشارہ کرتے ہیں کہ انسانیت دین فطرت کی طرف بڑھ رہی ہے ۔دین فطرت ہی امریکہ سے لیکر پاکستان تک تمام مسائل کا حل ہے ۔ اور آخرکار دین فطرت کا نظام ہی ساری دنیا میں غالب آئے گا ۔