عیدالفطرماہ صیام کے روزوں کا انعام ہے،محمد حسین محنتی


کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ عیدالفطرمسلمانوں کے لیے اللہ تعالیٰ کی طرف سے ماہ صیام کے روزوں کا انعام ہے ،خوشی کے ان لمحات میں غرباء اوراپنے قریبی رشتہ داروں کو ضرور یاد رکھا جائے ۔

عیدالفطر کے موقع پرجاری اپنے پیغام میں انہوں نے مزید کہاکہ عیدالفطر اسلام کے اعلیٰ اقداراورعظیم روایات کی علامت ہے۔خوش نصیب ہیں وہ لوگ جنہوں نے ایمان واحتساب کے ساتھ روزے تراویح ودیگر عبادات کے ذریعے اپنے رب کو راضی اورگناہوں کی مغفرت حاصل کی ،ایسے ہی اللہ کے نیک بندوں کے لیے عید سعید اللہ کا فضل ا ورانعام ہے۔اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ رمضان کا پہلا عشرہ رحمت دوسرا مغفرت اور تیسرا جہنم سے آزادی کا ہے۔ معلوم ہوا کہ یہ مہینہ رحمت، مغفرت اور جہنم سے آزادی کا مہینہ ہے،یوم باب الاسلام،یوم بدر،لیلتہ القدرسمیت اسلامی فتوحات اورقیام پاکستان بھی اسی مہینہ میں ہوا۔ لہذا اِن بڑے بڑے انعامات کی خوشی میں ہمیں عیدِ سعید کی خوشی منانے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔آج کے دن تجدید عہد کیا جائے کہ رمضان کے علاوہ اپنی بقیہ پوری زندگی رمضان کی طرح گذاریں گے اورقیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کی تکمیل یعنی غلبہ دین اسلامی نظام کو قائم کرنے کے لیے خون کے آخری قطرے تک جدوجہد کرتے رہیں گے۔

انہوں کہاکہ عیدالفطر کے موقع پر ملکی ترقی وسلامتی کے ساتھ ساتھ کشمیر فلسطین برما کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔