کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاہے کہ رمضان المبارک اور سخت گرمی میں صوبہ بھر میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ نے روزہ داروں ،درزیوں،تعلیمی اداروں،ہسپتالوں سمیت ہر شعبہ کو متاثرکیا ہے ۔یہ سب حکومتی دعووں کی نفی اور عوام کے زخموں پرنمک پاشی ہے حکومت فی الفوربلوچستان کو لوڈشیڈنگ سے استثنیٰ دیکر بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لیکر لوڈشیڈنگ کاہمیشہ کیلئے خاتمہ کریں۔شہروں میں آٹھ سے دس گھنٹے اور اوردیہاتوں میں بیس گھنٹے تک لوڈشیڈنگ حکمرانوں کے منہ پر تمانچہ ہے۔مسجد نبوی ۖکی بے حرمتی کرنے والے کسی رعائت کے مستحق نہیں۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہاکہ حکمرانوں کو روزہ داروں کا خیال ہے نہ عوام اور نہ غریب تاجروں طلباء ومریضوں کا ۔حکمرانوں کے ہاں تو بجلی کامتبادل ہے اسلیے نہیں عوام کی فکر نہیں نہ ان کو معلوم ہوتا ہے کہ واقعی بجلی کا بھی لوڈشیڈنگ ہے غریب عوام کہاں جائیں۔ ہرسال کی طرح امسال بھی موسم گرمامیں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا عذاب عوام پر نازل ہوچکا ہے۔حکومت کی جانب سے لوڈشیڈنگ پرقابو پانے کے دعوے تواترکے ساتھ کئے جاتے ہیں۔لیکن حقیقت یہ ہے کہ عوام کو پہلے سے زیادہ بدترحالات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ حکمرانوں کا بجلی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا اعلان ہمیشہ کی طرح اب بھی زبانی جمع خرچ کے سوا کچھ نہیں ہوگا۔ بدترین لوڈشیڈنگ سے شہری بلبلا اٹھے’ گھروں اور مساجد میں پانی کی فراہمی بھی متاثر ‘ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہریوں کو سحر و افطار میں مشکلات کا سامنا ہے اور ‘ کاروبار بھی متاثر ہورہا ہے، جبکہ تیرہ جماعتی اتحادی حکومت نے دوہفتوں کے دوران بجلی کی قیمتوں میں دوبار اضافہ کرکے مہنگائی کے مارے ہوئے عوام پر بجلی گرادی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقدس ماہ میں بھی سحری اور افطاری کے اوقات میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ روز کا معمول بن گیا ہے،ملک بھر میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے باوجود بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے جس کے باعث شہریوں کو سحری اور افطاری سمیت روز مزہ کے کاموں میں مشکلات پیش آرہی ہیں ، حتیٰ کہ تراویح کے دوران بھی عوام کو بجلی سے محروم کردیا جاتا ہے۔ملک بھر میں شدید گرمی کے دوران بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جس کے باعث عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ عوام سے روٹی اور دوسری ضروریات زندگی چھیننے کے بعد عوام سے وہ روشنیاں بھی چھین لی گئیںہیں، ظالم حکمران آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر عوام دشمن فیصلے کررہے ہیں بجلی کی قیمتوں کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی نوید پی ڈی ایم حکمران اتحاد کا عوام کیلئے عید کا تحفہ ثابت ہوگا۔صوبائی امیر نے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس ، لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے