الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت 2 ہزار یتیم بچوں، بیواؤں اور اولڈ ایج ہومز میں مقیم بزرگ افراد کے لیے گرینڈ افطار اور عیدتحائف


لاہور(صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت لاہور میں  2 ہزار یتیم بچوں،بیوہ خواتین  اور  اولڈ ایج ہومز میں رہنے والے بزرگ افراد  کے لیے گرینڈ افطار اور عید تحائف تقسیم کا اہتمام کیا گیا۔ اِس حوالے سے یوایم ٹی میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں یتیم بچوں کے لئے جمپنگ کیسل،فیس پینٹنگ، میجک شو اوربچیوں کے لئے مہندی کے اسٹال کا خاص اہتمام کیا گیا تھا۔جبکہ یتیم بچوں اور معمر افراد میں عیدی، کپڑے اوردیگر تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر محمدمشتاق مانگٹ نے کہا کہ یتیم بچے اوریہ بے گھر بزرگ افراد ہمارے معاشرے کا سب سے توجہ طلب طبقہ ہیں۔اسی مقصد کے تحت الخدمت فاؤنڈیشن ہر سال لاہور سمیت ملک بھر میں ایسی تقریبات کا اہتمام کرتی ہے۔آج مختلف یوتھ سوسائیٹیز کاالخدمت کے ساتھ ملکر اس رنگا رنگ تقریب کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے ہمارے نوجوان خدمت خلق کے کاموں میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

اس موقع پر یو ایم ٹی کی ڈائریکٹر انسٹی ٹیوشنل  ڈویلپمنٹ ڈاکٹرنوشابہ حسن مرادکا کہنا تھا کہ یتیم بچوں کی کفالت ہم سب کا اخلاقی اور مذہبی فریضہ ہے۔ رمضان اور عید کی خوشیوں میں اپنے ساتھ شریک کرنا یتیم بچوں اور بے سہارا معمر افرادکابھی حق ہے۔ تقریب میں  صدر الخدمت وسطی پنجاب اکرام الحق سبحانی، صدرالخدمت  لاہور انجینئر احمد حماد اور یوتھ سوسائیٹیز کے ممبران اور زندگی کے مختلف شعبہ ہائے جات سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے شرکت کی۔