لاہور(صباح نیوز) ڈینگی وائرس بے قابو ہو گیا ،پنجاب میں مزید2افراد جان کی بازی ہارگئے ۔محکمہ صحت پنجاب نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں ڈینگی کے 345 کیسز رپورٹ ہوئے، لاہور سے ڈینگی کے 275 نئے مریض سامنے آئے ، اس دوران صوبے بھر میں ڈینگی بخار کے باعث 2 اموات واقع ہوئیں۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق راولپنڈی سے 27 اور گوجرانوالہ سے 14 ڈینگی وائرس کے مریض رپورٹ ہوئے۔ محکمہ صحت پنجاب نے بتایا کہ پنجاب بھر میں اب تک ڈینگی وائرس کے 21 ہزار 348 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صرف لاہور سے ہی اب تک ڈینگی کے 15 ہزار 655 کیسز سامنے آئے ۔ محکمہ صحت پنجاب نے مزید بتایا کہ رواں سال پنجاب بھر میں ڈینگی وائرس کے 92 مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں۔محکمہ صحت پنجاب نے یہ بھی بتایا ہے کہ ڈینگی وائرس کے پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت 1 ہزار 724، جبکہ لاہور کے ہسپتالوں میں 1 ہزار 219 مریض داخل ہیں۔