لاہور (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکمران گھر جانے کی تیاری فرمائیں، جب نمبر پورے نہیں ہوئے تو تمام سیاسی جماعتیں یاد آگئیں۔
وزیراطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل میں انہوں نے کہاکہ حکمران قانون سازی کی نہیں گھر جانے کی تیاری فرمائیں۔ ہر قومی ایجنڈے کو متنازعہ عمران خان نے بنایا ہے، عمران صاحب کے علاوہ تمام سیاسی جماعتیں انتخابی اصلاحات چاہتی ہیں، آپ صرف الیکشن چوری چاہتے ہیں ، ڈسکہ الیکشن کی رپورٹ کے مطابق عمران خان الیکشن چور ہیں، ڈسکہ الیکشن رپورٹ کے بعد آپ کی الیکشن کی شفافیت اور اور الیکشن اصلاحات کا پورے پاکستان کو پتہ چل گیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ جب نمبر پورے نہیں ہوئے تو تمام سیاسی جماعتیں یاد آگئیں ، ووٹ چوری کے عمران صاحب کے ایجنڈے کو قومی ایجنڈا کہنا دھوکہ، فراڈ اور کذب بیانی کی انتہا ہے، عوام کو آپ کا انتخابی ایجنڈا نہیں، عمران صاحب کا استعفیٰ چاہئے۔