عمران خان کی اسلام آباد کے لئے کال دنیا کو انگشت بدنداں کردیگی ،شیخ رشید


راولپنڈی (صباح نیوز)سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک کے حالات گھمبیر، پریشان کن او رتشویشناک ہوتے جارہے ہیں۔ وہ لوگ جنہیں جیلوں میں ہونا چاہئے تھا انہیں اہم عہدوں پر تعینات کیا جارہا ہے اور سب سے پریشان کن بات یہ ہے کہ ملک کے لئے جن کی عزت کرنا لازم ہے وہ بھی سوالیہ نشان بنتے جارہے ہیں۔

ان خیالات کااظہار شیخ رشید احمد نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ سامراج کے ایجنٹوں نے اپنے مفاد کے لئے گندی نالی کی اینٹوں کو تاج محل میں سجادیا ہے لیکن قوم میری بات یاد رکھے کہ عمران خان کی اسلام آباد کے لئے کال دنیا کو انگشت بدنداں کردے گی اور ایسا زناٹے کا رن پڑے گا کہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے کم عمر یہ موجودہ حکومت ہو گی۔رہے نام اللہ کا۔