اسلا م آباد(صباح نیوز) سابق کرکٹر شعیب اختر اور اینکرنعمان نیاز کی صلح ہوگئی، وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے دونوں کو کھانے پر بلایا اور پھر سے دوستی کرا دی۔
سرکاری ٹی وی پاکستان ٹیلی ویژن کے اینکر نعمان نیاز نے شعیب اختر سے لائیو پروگرام میں بدتمیزی کی تھی جس پر انہیں آف ایئر کر دیا گیا تھا۔معاملے پر کمیٹی بنی اور انکوائریاں ہونے لگیں، ایسے میں وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری آگے بڑھے اور دونوں کو کھانے پر مدعو کرلیا۔
نعمان نیاز نے غیر مشروط معافی مانگ لی اور کہا کہ ان کی 30سال کی دوستی ہے جوختم نہیں ہونی چاہیے،اسکرین پر جوہوا اس پرافسوس ہے ۔شعیب اختر نے معاف کیا،گلے لگایا اور پھر سے دونوں ایک ہو گئے اور خوش گپیاں لگانے لگے ۔
وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے ٹوئٹر پر شعیب اختر اور نعمان نیاز کے ساتھ ایک تصویر بھی شیئر کی ،سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فواد چوہدری نے کہا کہ بات اتنی نہیں تھی کہ اس پر اتنی گفتگو ہوتی لیکن کیا ہے کہ سوشل میڈیا اب اتنا بڑا ہے کہ چھوٹی باتیں بھی بڑی ہو جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام معاملات احسن طریقے سے حل ہوگئے ہیں۔اس موقع پر اینکر نعمان نیاز کا ایک ویڈیو کلپ سامنے آیا جس میں انہوں نے شعیب اختر سے اپنے رویے پر معافی مانگی۔انہوں نے کہا کہ جو کچھ اسکرین پر ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا اور ہماری 30 سال کی دوستی ہے جو ٹوٹنی نہیں چاہیے۔اسی ویڈیو میں شعیب اختر بھی نظر آتے ہیں جو نعمان نیاز کے بیان کے بعد دوستی برقرار رکھنے پر آمادگی کا اظہار کرتے ہیں۔
شعیب اختر نے کہا کہ ہمیں یہ معاملہ بہت پہلے ہی سلجھا لینا چاہیے تھا۔جس پر نعمان نیاز کہتے ہیں کہ اتنی بھی تاخیر نہیں ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لائیو شو میں پاکستان کے فاسٹ بالر شعیب اختر اور میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز میں جھگڑا ہوگیا تھا اور شعیب اختر اٹھ کر چلے گئے تھے۔ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ سے میچ جیتنے کے بعد شعیب اختر نے لائیو شو میں باولر حارث روف کی کارکردگی کی خوب تعریف کی اور اپنے مخصوص انداز میں مذاق بھی کرتے رہے۔میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز کو ان کی بات پسند نہ آئی جس پر انہوں نے لیجنڈ پلیئر شعیب اختر کو بد تمیز کہہ کر پروگروام چھوڑنے کا کہہ دیا۔
شعیب اختر نعمان نیاز کے رویے پر ناراض ہو گئے۔شعیب اختر اور ڈاکٹر نعمان نیاز میں تلخ کلامی کے وقت ویون رچرڈز ،ڈیوڈگاور،عمر گل،راشد لطیف،اظہر محمود اور ثنا میر بھی موجود تھے۔شو کے میزبان نے اس وقت بریک لے لی۔ بریک کے بعد شعیب اختر واپس شومیں موجود تھے اور دونوں نے اس واقعہ کو مذاق قرار دیا۔ لیکن شعیب اختر نے بعد میں لائیو شو کے دوران ہی استعفی دے دیا اور اٹھ کر چلے گئے۔
شعیب اختر اور نعمان نیاز کی ناراضی کے ویڈیو کلپ پر سوشل میڈیا صارفین نے حیرانی اور ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔ سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ لائیو شو میں لیجنڈ پلیئرز یا کسی بھی مہمان کے ساتھ ایسا رویہ نا مناسب ہے۔سوشل میڈیا پر کلپ وائرل ہونے کے بعد شعیب اختر نے بھی لائیو شو کے واقعہ پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں لائیو شو میں چلے جانے کو کہہ دیا گیا۔انہیں سمجھ نہیں آیا کہ ڈاکٹر نعمان نیاز نے ایسا کیوں کہا۔
انہوں نے کہا ہے کہ ٹی وی پر ایک اسٹار کی یوں توہین مناسب نہیں،غیر ملکی اور قومی اسٹارز کیا سوچیں گے کہ یہ کیا ہو رہا ہے۔میں نے بات سنبھالنے کی کوشش کی لیکن ڈاکٹر نعمان نیاز نے ان سے معافی نہیں مانگی، اور کوئی چارہ نہیں تھا، اس لیے انہوں نے استعفی دے دیا۔