کراچی (صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے فرید آباد(دادو) میں گائوں رسول بخش چانڈیو میں ،08معصوم بچوں سمیت 09افراد کے جھلس کر ہلاک اور درجنوں مال مویشیوں، 70سے زائد گھروں کے جلنے والے واقعے پر شدید غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے سندھ حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی بے حسی اور بدترین نااہلی قرار دیا ہے،متاثرہ لوگوں کی جانب سے انتظامیہ کو بار بار متوجہ اور فون کال کرنے کے باوجود ہنگامی طور پر انتظامی مشینری، فائر برگیڈ کی گاڑیوں کے نہ پہنچنے کی وجہ سے اتنا بڑا سانحہ رونما ہوا جہاں پر آج قیامت صغریٰ کا منظر ہے، مائیں جلے ہوئے گھروں کے راکھ میں معصوم بچوں کی لاشیں تلاش کررہی ہیں، ہر آنکھ اشکبار ہے لیکن سندھ کے حکمران اقتدار کے نشے میں اور ان کی بدانتظامی اور نااہلی ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی ہے۔
انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی موجود جبکہ ہر ضلع میں ضلعی میونسپل کمیٹی کے پاس فائربرگیڈ کی گاڑیوں سمیت ہنگامی اقدامات کیلئے مطلوبہ سامان بھی موجود ہے ڈی ڈی ایم کی زمہ داری ہے کہ وہ اس قسم کے واقعات کو روکنے اور قابو پانے کیلئے ضلعی سطح پر رضاکاروں کی ٹیمیں تیار کریں، حکمرانوں کی بے حسی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتاہے کہ معصوم بچوں کی جلی ہوئی لاشیں ایمبولینس کی بجائے پولیس موبائلوں میں ہسپتالوں میں پہنچائی گئی، جبکہ مقامی ایم این اے عرفان لغاری اور ایم پی اے فیاض بٹ سمیت دیگر ضلعی افسران واقعے کے 24گھنٹے گذرنے کے بعد جائے حادثہ پر پہنچے تھے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پیپلزپارٹی کو عوام کے مسائل سے نہیں بلکہ ان کے ووٹ سے مطلب ہے، گذشتہ 15 سالوں سے سندھ پر حکمرانی کرنے کے باوجود پیپلزپارٹی کی سرکار قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے بنیادی انفراسٹرکچر بھی تیار نہیں کرسکی ہے جو ایک بہت بڑا لمیہ ہے، صوبائی
امیر نے مزید کہا کہ اس مہنگائی کے دور میں غریب لوگوں کیلئے گھر بنانا، اجناس،مال مویشی اور بچیوں کا جہیز جمع کرنا بہت مشکل کام ہے جو سب کچھ ایک رات میں جل کر خاکستر ہوگیا جس کی وجہ سے فرید آباد میں لوگ شدید صدمے سے دوچار ہیں، غریبوں کا سب کچھ انتظامی غفلت اور حکمرانی کی بے حسی کی وجہ سے ختم ہوچکا ہے۔صوبائی امیر نے پرزور مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت متاثرہ گائوں کی آبادی کی مالی،مدد، گھروں کی دوبارہ تعمیر، مال مویشی خرید کی مد میں تعاون اور اس طرح کے واقعات کو روکنے کیلئے پہلے سے مؤثرمنصوبہ بندی کرے تاکہ اسطرح کے واقعات کا سدباب ہوسکے۔
دریں اثناء صوبائی امیر کے حکم پر جماعت اسلامی ضلع دادو کے ایک وفد نے ضلعی امیر واحد بخش ببر،صدرالخدمت محمد موسیٰ اور میہڑ کے امیر محمد الیاس انصاری نے متاثرہ گائوں کا دورہ،متاثرین کی ہر طرح مدد کا اعادہ اور مرحومین کی مغفرت ،پسماندگان کیلئے دعا کی ہے۔