پاکستان،سویٹزرلینڈ میں دوطرفہ سیاسی مشاورت کا انعقاد، دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان اور سویٹزر لینڈ کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا گیارھواں دوراسلام آباد میں منعقد ہوا۔

ایڈیشنل سیکریٹری (یورپ) ڈاکٹر محمد طارق نے مذاکرات میں پاکستان کی طرف سے جبکہ سوئزرلینڈ کی جانب سے وزارت خارجہ کے فیڈرل ڈیپارٹمنٹ(ایف۔ڈی۔ایف۔اے)کے ایشیاوپسیفک کے اسسٹنٹ سیکریٹری آف سٹیٹ سفیر رفائل نیگیلی نے قیادت کی،

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق دونوں اطراف نے سیاسی، معاشی، تجارتی اور سرمایہ کاری سمیت دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ تعلیم، سائنس وٹیکنالوجی، دفاع وسلامتی، زراعت کے شعبہ جات اور کثیرالقومی فورمز پر تعاون بات چیت کا حصہ تھا۔ دونوں اطراف نے تعاون کے موجودہ طریقہ ہائے کار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

باہمی مفاد میں دونوں ممالک کے درمیان وسیع تعاون استوارکرنے کی صلاحیت کا ادراک کرتے ہوئے اطراف نے دوطرفہ معاشی و تجارتی روابط کو مزید بڑھانے اور وسعت دینے کے لئے ٹھوس اقدامات پر اتفاق کیا۔ اطراف نے مسلسل اعلی سطحی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔ع

لاقائی صورتحال پرگفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکریٹری نے غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں لاحق مخدوش صورتحال اور مقبوضہ خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لئے بھارتی حکومت کے یک طرفہ اقدامات پر روشنی ڈالی۔

علاوہ ازیں افغانستان میں صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ افغانستان سے انخلاکی کوششوں میں سہولت کاری کے پاکستان کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکریٹری نے سوئس نمائندوں کو انخلاکی کوششوں میں پاکستان کی طرف سے فراہم کردہ مدد اور پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کے لئے کوششوں میں حمایت سے متعلق آگاہ کیا۔

سو ئزرلینڈ کی جانب سے پاکستان کی کوششوں کی تحسین کا پیغام پہنچایاگیا اور افغانستان سے سوئس ودیگر باشندوں کے انخلامیں معاونت کی فراہمی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیاگیا۔

سفیر نیگیلی نے سیکریٹری خارجہ سہیل محمود سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ سیکریٹری خارجہ نے حکومت کے جیوپالیٹکس سے جیو اکنامکس کی طرف توجہ کی تبدیلی کو بیان کیا۔

افغانستان کی صورتحال پر پاکستان کے نکتہ نظر کو بیان کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ نے عالمی برادری کے افغانستان کے ساتھ تعمیری رابطوں کی اہمیت پر زور دیا تاکہ عمومی خدشات سے نبردآزما ہوتے ہوئے مشترکہ مقاصد کو فروغ حاصل ہو۔

پاکستان اور سو ئزر لینڈ کے درمیان دوطرفہ اور کثیرالقومی سطحوں پر دوستانہ وقریبی تعلقات استوار ہیں۔ سوی ئزرلینڈ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے سہرفہرست ممالک میں سے ایک ہے۔ دوطرفہ سیاسی مشاورت کا طریقہ کار دوطرفہ تعلقات کے جائزے اور مستقبل میں تعاون کے شعبوں پر بات چیت کے لئے ایک مفید پلیٹ فارم ہے ۔