وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت سے ملاقات کے لیے ایم کیو ایم پاکستان کے ہیڈ آفس کا دورہ


کراچی (صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایک روزہ دورہ کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان  کی قیادت سے ملاقات کے لیے بہادر آباد میں واقع ایم کیو ایم پاکستان کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا،ایم کیو ایم قیادت نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے بالعموم صوبہ سندھ اور بالخصوص کراچی کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کیلیے وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے کراچی سرکولر ریلوے اور کے-4 جیسے اہم ترقیاتی منصوبوں کی بر وقت تکمیل پر زور دیا اور کراچی میں ایک نئی یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کیا۔ انہوں نے تمام اتحادی جماعتوں کے عوامی فلاح و بہبود کے عزم کو سراہا۔

ملاقات میں ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، سینئیر ڈپٹی کنوینر عامر خان، سید امین الحق، ڈاکٹر فروغ نسیم اور کنور نوید جمیل کے علاوہ اراکینِ قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب، مولانا اسعد محمود، احسن اقبال اور دیگر نے شرکت کی  ملاقات میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ بھی شریک ہوئے۔