اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ نام سٹاپ لسٹ میں ڈلوانے والوں نے مجھے پیغام دیا،دوووٹوں سے ایک شخص کو کرائم منسٹر بنایا گیا ۔
انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خدشہ ہے وزیر خزانہ یا گورنر سٹیٹ بینک مقصود چپڑاسی کو نہ لگادیں، انہوں نے جس طرح انہیں اربوں پتی بنایا ہوسکتا ہے ملک کو بھی بنادیں۔
انہوں نے کہا کہ عدالتوں سے سزایافتہ شخص کو سفارتی ویزے دیئے جارہے ہیں، نوازشریف کو لانا ہی ہے توعام ویزے سے لے کر آئیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہائوس میں لیوش کھانے دیئے جارہے ہیں، عمران خان نے پیسہ چوروں کیلئے نہیں بچایا، ملک کا وزیراعظم اس شخص کو بنایا گیاجو کرپشن میں ملوث ہے۔
ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ دو ووٹوں سے ایک شخص کو کرائم منسٹر بنایا گیا، نام سٹاپ لسٹ میں ڈلوانے والوں نے مجھے پیغام دیا، اگر پیغام دینا ہے تو کھل کردیں،اس طرح کے پیغامات سے کچھ نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے خلاف کوئی مسئلہ ہے تو بیانیہ لے کر آئیں، ساڑھے 3 سال میں نے کسی کیخلاف انتقامی کارروائی نہیں کی، اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں نہیں روکا جاسکتا، ہم قانون پرعملدرآمد چاہتے ہیں۔